ہفتہ 28 نومبر 2026 - 21:10
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات، انسانی فہم و ادراک سے بلند ہیں: مولانا سید بشیر حسین نقوی

حوزہ/جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کے زیرِ اہتمام حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات کے موضوع پر ایک پروگرام منعقد ہوا، جس میں حجت الاسلام ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے قرآن کریم، احادیثِ معصومین علیہم السلام اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں سیدۂ کائنات کے بلند مقام و مرتبے اور آپ کی اختصاصی فضیلتوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کے زیرِ اہتمام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات کے موضوع پر ایک پروگرام منعقد ہوا، جس میں حجت الاسلام ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے قرآن کریم، احادیثِ معصومین علیہم السلام اور سیرتِ اہل بیت علیہم السلام کی روشنی میں سیدۂ کائنات کے بلند مقام و مرتبے اور آپ کی اختصاصی فضیلتوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت ایسی عظیم ہستی ہے کہ عام انسان ان کے فضائل و کمالات کا مکمل احاطہ کرنے سے قاصر ہے۔

ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے اپنے خطاب کا آغاز سورۂ کوثر کے تذکرے سے کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے آخری رسول حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کوثر عطا کرنے کا ذکر فرمایا ہے، جو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت اور مقام کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے۔ اس سے سیدۂ کائنات کی عظمت و فضیلت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب رسول کو عطا ہونے والی اس عظیم نعمت کا خصوصی ذکر کیا۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات، انسانی فہم و ادراک سے بلند ہیں: مولانا سید بشیر حسین نقوی

انہوں نے واضح کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی فکری محدودیت کا اعتراف کرے، کیونکہ آپ کے فضائل اس قدر بلند ہیں کہ انسانی فہم و ادراک ان کا مکمل احاطہ نہیں کر سکتا۔

انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ایک عظیم امتیاز کا ذکر کرتے ہوئے آپ کو ’’سیدۃ نساء العالمین‘‘ یعنی تمام جہانوں کی خواتین کی سردار قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کا مقام صرف جنت کی خواتین کی سرداری تک محدود نہیں، بلکہ آپ کی فضیلت کا دائرہ اس سے کہیں وسیع ہے۔ آپ کی ذاتِ مبارکہ ان تمام عظیم خواتین میں ممتاز اور منفرد مقام رکھتی ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنی بارگاہ میں عزت و عظمت عطا فرمائی۔

ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زیارت کے ایک اہم پہلو کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ امام محمد تقی علیہ السلام سے منقول زیارت میں ایک خاص امتیاز پایا جاتا ہے۔ عام طور پر اہل بیت علیہم السلام کی زیارات کا آغاز سلام سے ہوتا ہے، لیکن حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی اس مخصوص زیارت کے ابتدائی کلمات آپ کے خاص مقام و مرتبے کی عکاسی کرتے ہیں۔

اس زیارت کے مضمون کی روشنی میں انہوں نے واضح کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا دنیا میں تشریف لانے سے پہلے ہی الٰہی امتحان میں کامیاب قرار پا چکی تھیں، جو آپ کے صبر، استقامت اور بندگی کے اعلیٰ ترین مقام کی نشاندہی کرتا ہے۔

ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے وضاحت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو جبرائیل امین کے ذریعے بعض غیبی امور اور مستقبل میں پیش آنے والے واقعات کی اطلاع دی جاتی تھی، جنہیں امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام تحریر فرماتے تھے۔ اسی علمی ذخیرے کو مصحفِ فاطمہ کہا جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مصحفِ فاطمہ قرآن کریم نہیں، بلکہ ایک مستقل علمی ذخیرہ ہے، جس میں مستقبل کے بعض واقعات اور دیگر علوم کا بیان موجود ہے۔ یہ اہل بیت علیہم السلام کے علمی مقام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خصوصی فضیلت کا ایک اہم مظہر ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فضائل و کمالات، انسانی فہم و ادراک سے بلند ہیں: مولانا سید بشیر حسین نقوی

انہوں نے کہا کہ علمِ اہل بیت علیہم السلام اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی علمی میراث کا تسلسل ہے۔

مقامِ امامت اور مصحفِ فاطمہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے ایک روایت کے مفہوم کی روشنی میں بتایا کہ ائمہ اہل بیت علیہم السلام کے علمی مقام کو سمجھنے کے لیے مصحفِ فاطمہ کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ اس سلسلے میں امام جعفر صادق علیہ السلام سے منسوب ایک واقعہ بیان کیا کہ ایک شخص نے امامت کے دعوے کا ذکر کیا تو امام علیہ السلام نے اس کی حقیقت جانچنے کے لیے مصحفِ فاطمہ کے متعلق سوال کرنے کی ہدایت فرمائی۔ اس واقعے سے واضح ہوتا ہے کہ مصحفِ فاطمہ اہل بیت علیہم السلام کے خصوصی علمی ورثے اور مقامِ امامت کی معرفت کا ایک اہم حصہ ہے۔

حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظمت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے ایک اہم نکتہ پیش کیا کہ امام حسین علیہ السلام کی شخصیت اور مقام کو سمجھنے کے لیے آپ کی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت کو سمجھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام کی فضیلت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ آپ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فرزند ہیں۔ اس نسبت میں ایک گہرا معنوی پیغام پوشیدہ ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی تربیت، کردار اور قربانیوں نے کربلا کے عظیم واقعے اور پیغامِ امامت کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ آپ کی آغوش میں پرورش پانے والی ہستیوں نے دینِ اسلام کی حفاظت اور حق و باطل کے درمیان امتیاز واضح کرنے میں عظیم کردار ادا کیا۔

ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقامِ شفاعت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روزِ قیامت آپ کو ایک خاص مقام و منزلت عطا ہوگی اور آپ کی شفاعت اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں قبول ہوگی۔

روایات کے مفہوم کی روشنی میں انہوں نے بیان کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے چاہنے والوں، محبانِ اہل بیت اور بالخصوص امام حسین علیہ السلام کے ماننے والوں کی شفاعت فرمائیں گی۔ یہ امر انسان کو اہل بیت علیہم السلام سے حقیقی وابستگی، ان کی تعلیمات پر عمل اور ان کے راستے پر ثابت قدم رہنے کی دعوت دیتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزِ قیامت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی رضا اور خوشنودی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگی، لہٰذا ہر انسان کو اپنی زندگی ایسے اعمال سے آراستہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو سیدۂ کائنات کی خوشنودی کا باعث بنیں۔

ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی عظمت و فضیلت کو صرف زبان سے بیان کرنا کافی نہیں، بلکہ ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو آپ کی سیرت کے مطابق ڈھالیں۔ ہم سب اس دنیا میں امتحان کے لیے آئے ہیں اور ہر لمحہ ہمارا کردار، اعمال اور فیصلے اس امتحان کا حصہ ہیں۔ کوئی شخص اپنی کامیابی کے بارے میں یقینی دعویٰ نہیں کر سکتا، اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی اصلاح کریں اور اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

انہوں نے نوجوانوں کو خصوصی طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ذاتِ مبارکہ سے وابستہ کریں، اپنے اعمال کی اصلاح کریں اور گناہوں سے دور رہیں۔ اپنی زندگی اس انداز سے گزاریں کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شفاعت اور رحمت کے مستحق قرار پائیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اہل بیت علیہم السلام سے وابستگی انسان کے لیے نجات کا ذریعہ ہے اور ہمیں اپنی اولاد کی تربیت بھی محبت، معرفت اور اطاعتِ اہل بیت علیہم السلام کی بنیاد پر کرنی چاہیے۔

ڈاکٹر سید بشیر حسین نقوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شخصیت انسانی فہم و ادراک سے کہیں بلند ہے۔ آپ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی لختِ جگر، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی شریکِ حیات اور ائمہ اہل بیت علیہم السلام کی مادرِ گرامی ہیں۔ آپ تمام اہل ایمان کے لیے صبر، استقامت، بندگی اور وفاداری کا نمونہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha