حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بارگاہ آل محمدؑ، جمہوریہ کانگو (وسطی افریقہ) میں نمازِ جمعہ کے خطبے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ناصر عباس جعفری نے انسان اپنے اعمال کا خود ذمہ دار ہے اور اسے اپنی غلطیوں کا الزام دوسروں پر ڈالنے کے بجائے اپنے کردار کی اصلاح اور اعمال کے محاسبے کی فکر کرنی چاہیے۔
انہوں نے تقوائے الٰہی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی زندگی میں ایک عام عادت یہ ہے کہ جب اس سے کوئی غلطی سرزد ہوتی ہے تو وہ اس کی ذمہ داری دوسروں، حالات یا معاشرے پر ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، حالانکہ قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق ہر انسان اپنے اعمال کا خود جواب دہ ہے۔
مولانا ناصر عباس جعفری نے سورۂ اسراء کی آیت 13 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے اعمال کو اس کے ساتھ وابستہ کر دیا ہے اور قیامت کے دن اس کا نامۂ اعمال اس کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ انسان دنیا میں اپنے اعمال کو بھول سکتا ہے یا دوسروں سے چھپا سکتا ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کوئی عمل پوشیدہ نہیں رہ سکتا۔
انہوں نے قرآن مجید کی آیت «وَلَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِزْرَ أُخْرَىٰ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کوئی شخص کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا۔ ہر انسان اپنے اختیار اور اعمال کے مطابق جواب دہ ہے۔ اگر کوئی شخص گناہ کرتا ہے تو اس کا ذمہ دار وہ خود ہے اور دوسرے شخص کو اس کے گناہ کا خود بخود ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
انہوں نے ایک مثال بیان کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی شخص دوسرے کے ساتھ بدتمیزی کرے تو اس کے جواب میں بدتمیزی کرنا درست نہیں، کیونکہ دوسرے کی غلطی کسی کو غلطی کرنے کا جواز فراہم نہیں کرتی۔ مؤمن کی پہچان یہ ہے کہ وہ دوسروں کے نامناسب کردار کی وجہ سے اپنے اخلاق کو خراب نہیں کرتا۔
مولانا ناصر عباس جعفری نے امام علی علیہ السلام سے منسوب حکمت «مَنْ حَاسَبَ نَفْسَهُ رَبِحَ، وَمَنْ غَفَلَ عَنْهَا خَسِرَ» کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو روزانہ اپنے اعمال کا جائزہ لینا چاہیے، کیونکہ محاسبۂ نفس کامیابی اور غفلت نقصان کا سبب بنتی ہے۔
انہوں نے مؤمنین کو نصیحت کی کہ ہر رات سونے سے پہلے اپنے اعمال کا جائزہ لیں اور خود سے سوال کریں کہ آیا انہوں نے کسی کا دل تو نہیں دکھایا، کسی کے ساتھ ناانصافی تو نہیں کی اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کیا یا نہیں۔ اگر کسی سے غلطی ہوئی ہو تو اسے توبہ اور اصلاح کے ذریعے دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اگر کسی کا حق ضائع کیا ہو تو اس کی تلافی کرنی چاہیے۔
انہوں نے سورۂ زلزال کی آیات 7 اور 8 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کے دن ذرہ برابر نیکی اور برائی بھی انسان کے سامنے آ جائے گی۔ لہٰذا انسان کو دوسروں کی اصلاح سے پہلے اپنی اصلاح، دوسروں کے عیب تلاش کرنے سے پہلے اپنے عیبوں کی پہچان اور دوسروں کو بدلنے سے پہلے اپنے کردار کو بہتر بنانے کی فکر کرنی چاہیے۔
مولانا ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مؤمنین کو اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے، گناہوں سے بچنے، اخلاق کو بہتر بنانے اور حقوق العباد ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور سب کو اہل بیت محمد و آل محمدؑ کے ساتھ محشور فرمائے۔










آپ کا تبصرہ