اتوار 29 نومبر 2026 - 12:21
فرانس میں خواتین پر تشدد، مہنگائی اور عوامی سہولیات کی خراب صورتِ حال کے خلاف ملک گیر مظاہرے

حوزہ/ فرانس کے مختلف شہروں میں ہفتے کے روز خواتین پر تشدد، مہنگائی اور عوامی سہولیات کی خراب صورتِ حال کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ان مظاہروں میں 45 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانس کے مختلف شہروں میں ہفتے کے روز خواتین پر تشدد، مہنگائی اور عوامی سہولیات کی خراب صورتِ حال کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے مطابق ان مظاہروں میں 45 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔

دارالحکومت پیرس میں دو الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں۔ پہلی ریلی خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’’نوس ٹوٹس‘‘ (Nous Toutes) کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں خواتین کے خلاف صنفی، سماجی اور ریاستی تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔ دوسری ریلی میں مختلف سماجی تنظیموں اور مزدور یونینوں نے شرکت کی اور خواتین و بچوں پر تشدد کی روک تھام کے لیے جامع قانون منظور کرنے پر زور دیا۔

مظاہرین کا اہم مطالبہ ایسا قانون منظور کرنا تھا جس کے ذریعے خواتین اور بچوں کو تشدد سے بچانے، متاثرین کی مدد کرنے اور انہیں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ یہ قانونی مسودہ 13 اکتوبر کو فرانسیسی پارلیمنٹ سے منظور ہو چکا ہے اور جنوری میں سینیٹ میں اس پر غور کیا جائے گا۔

پیرس کے علاوہ مارسی، مونٹ پیلیئر، لیون، لیل اور بوردو سمیت کئی شہروں میں بھی مظاہرے ہوئے۔ مارسی میں پولیس نے غیر مجاز اجتماع کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا، جبکہ بعض دیگر شہروں میں بھی جھڑپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

مظاہرین نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے ساتھ اجرتوں میں مساوات، تعلیمی سہولیات میں اضافے، عوام کی قوتِ خرید کے تحفظ اور سرکاری خدمات کو بہتر بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

فرانس میں خواتین کے خلاف تشدد سے متعلق سرکاری اعداد و شمار بھی تشویش ناک صورتِ حال کی نشاندہی کرتے ہیں۔ گزشتہ سال ملک میں خواتین کے قتل کے 100 سے زائد واقعات ریکارڈ کیے گئے، جبکہ 2024ء میں تقریباً 2 لاکھ 72 ہزار خواتین جنسی زیادتی اور 13 لاکھ خواتین جنسی ہراسانی کا نشانہ بنیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha