اتوار 29 نومبر 2026 - 21:29
حجاب اور سیرتِ سیدۂ کونین

حوزہ/ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرتِ طاہرہ خواتین کے لیے حجاب، حیا اور عفت کا کامل نمونہ ہے۔ آپؑ کی زندگی کے واقعات واضح کرتے ہیں کہ حجاب محض لباس نہیں، بلکہ عورت کے وقار، عزت اور معنوی عظمت کی حفاظت کا ذریعہ ہے۔ آج کے دور میں سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں حجاب کی اہمیت کو سمجھنا پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے۔

تحریر و تحقیق: حجۃ الاسلام محمد مہدی فاضل

حوزہ نیوز ایجنسی | سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا کی زندگی کا ہر لمحہ خواتین کے لیے ایک چراغ ہے اور ان کی زندگی میں حجاب کی جو اہمیت ہے، وہ آج کے دور میں پہلے سے کہیں زیادہ سمجھنے کی محتاج ہے۔ آج جب پردہ بوجھ سمجھا جانے لگا ہے، جب حیا کو پرانی بات کہا جانے لگا ہے، اسی وقت سیدہ کی سیرت پکار کر کہتی ہے کہ حجاب بوجھ نہیں، حجاب عزت ہے؛ حجاب قید نہیں، حجاب آزادی ہے، اس آزادی کی جو عورت کو نگاہوں کا کھلونا بننے سے بچاتی ہے اور اسے وقار کی ملکہ بناتی ہے۔

حجاب کیا ہے؟

قرآن مجید میں اللّٰه رب العزت نے مومن عورتوں سے فرمایا: «وَقُل لِّلْمُؤْمِنَاتِ يَغْضُضْنَ مِنْ أَبْصَارِهِنَّ وَيَحْفَظْنَ فُرُوجَهُنَّ» اور مومن عورتوں سے کہہ دیں کہ وہ اپنی بعض (غیر محارم) نگاہیں بند رکھیں۔ اپنے دامنوں کی حفاظت کریں۔ «سورۃ النور، آیت 31»

ایک اور دیگر مقام میں اللّٰه رب العزت نے ارشاد فرمایا:

«يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ قُل لِّأَزْوَاجِكَ وَبَنَاتِكَ وَنِسَاءِ الْمُؤْمِنِينَ يُدْنِينَ عَلَيْهِنَّ مِن جَلَابِيبِهِنَّ» اے پیغمبر! اپنی ازواج، اپنی بیٹیوں اور مومنین کی عورتوں سے کہہ دیجئے کہ وہ اپنے اوپر بلند چادر ڈال لیا کریں۔ «سورۃ الاحزاب، آیت 59»

• ترجمہ: تفسیر المعین، علامہ الشیخ محمد علی فاضل قدس سرہ

سیدہ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا نے ارشاد فرمایا:

«خَيْرٌ لِلنِّسَاءِ أَلَّا يَرَيْنَ الرِّجَالَ وَلَا يَرَاهُنَّ الرِّجَالُ»

خواتین کے لیے بہتر یہ ہے کہ وہ مردوں کو نہ دیکھیں اور مرد انہیں نہ دیکھیں۔

• بحارالانوار، ج 43، ص 54
• وسائل الشیعہ، ج 20، ص 67
• کشف الغمّہ، ج 1، ص 466
• عوالم العلوم، ج 11، ص 275

یہ جواب بی بی نے اس وقت دیا تھا جب رسولِ خدا صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے صحابہ سے پوچھا تھا کہ عورت کے لیے بہتر کیا ہے اور کسی کو جواب نہ سوجھا تو امیر المومنین علیہ السلام نے بی بی سے پوچھا۔

رسولِ خدا صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے یہ سن کر فرمایا: «إِنَّ فَاطِمَةَ بَضْعَةٌ مِنِّي» بے شک فاطمہ (سلام اللّٰه علیہا) میرے جسم کا ٹکڑا ہے۔

پہلا واقعہ:
دہلیز پر دستک اور حجاب کی درستی

«اِسْتَأْذَنَ أَعْمَى عَلَى فَاطِمَةَ عَلَيْهَا السَّلَامُ فَحَجَبَتْهُ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ لَهَا: لِمَ حَجَبْتِيهِ وَهُوَ لَا يَرَاكِ؟ فَقَالَتْ عَلَيْهَا السَّلَامُ: إِنْ لَمْ يَكُنْ يَرَانِي فَإِنِّي أَرَاهُ وَهُوَ يَشُمُّ الرِّيحَ، فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَآلِهِ: أَشْهَدُ أَنَّكِ بَضْعَةٌ مِنِّي»

ایک نابینا شخص نے جنابِ فاطمہ سلام اللّٰه علیہا سے ملاقات کی اجازت چاہی تو بی بی نے اس سے پردہ کر لیا۔ رسولِ خدا صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: تم نے اس سے پردہ کیوں کیا جب کہ وہ تمہیں دیکھ نہیں سکتا؟ بی بی نے عرض کیا: اگر وہ مجھے نہیں دیکھ سکتا تو میں تو اسے دیکھ سکتی ہوں، اور وہ میری خوشبو سونگھ سکتا ہے۔ تو رسولِ خدا صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:
میں گواہی دیتا ہوں کہ تم میرے جسم کا ٹکڑا ہو۔

• بحار الانوار، ج 43، ص 91-92، حدیث 16
• عوالم العلوم، ج 11، ص 920
• نوادر الراوندی، ج 1، ص 13
• دعائم الاسلام، ج 2، ص 214

کیا خوبصورت جواب ہے! نابینا کی آنکھیں بند ہوں تو کیا ہوا، پردے کا تقاضا تو دیکھنے والے کی آنکھ سے نہیں، دیکھنے والی کی حیا سے ہے۔

حجاب کا معیار!

مومنات کے لیے ضروری ہے کہ حجاب اس طرح کا ہو کہ نہ کسی نامحرم کی ان پر نگاہ پڑے، نہ ان کی کسی نامحرم پر نگاہ پڑے۔ حتیٰ کہ حجاب ایسا ہو کہ ان کے وجود کی خوشبو بھی کسی نامحرم تک نہ جائے۔ یہی سیدہ کا معیار ہے، پردہ ایسا کہ نگاہ بھی محفوظ رہے، خوشبو بھی محفوظ رہے، اور وقار بھی محفوظ رہے۔

دوسرا واقعہ:
آخری ایام اور ایک فکر

«احْتَضَرَتْ قَالَتْ لِأَسْمَاءَ بِنْتِ عُمَيْسٍ: كَيْفَ أُحْمَلُ عَلَى رِقَابِ الرِّجَالِ مَكْشُوفَةً، وَقَدْ صِرْتُ كَالْخَيَالِ، وَجَفَّ جِلْدِي عَلَى عَظْمِي؟ قَالَتْ أَسْمَاءُ: يَا بِنْتَ رَسُولِ اللَّهِ! إِنْ قَضَى اللَّهُ عَلَيْكِ بِأَمْرٍ، فَسَوْفَ أَصْنَعُ لَكِ شَيْئًا رَأَيْتُهُ فِي بِلَادِ الْحَبَشَةِ. قَالَتْ: وَمَا هُوَ؟ قَالَتْ: النَّعْشُ، يَجْعَلُونَهُ مِنْ فَوْقِ السَّرِيرِ عَلَى الْمَيِّتِ يَسْتُرُهُ. قَالَتْ لَهَا: اِفْعَلِي. فَلَمَّا قُبِضَتْ صَلَوَاتُ اللَّهِ عَلَيْهَا صَنَعَتْهُ لَهَا أَسْمَاءُ، فَكَانَ أَوَّلَ نَعْشٍ عُمِلَ لِلنِّسَاءِ فِي الْإِسْلَامِ»

جب حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا کی شہادت کا وقت قریب آیا تو آپ نے حضرت اسماء بنت عمیس سے فرمایا:

"مجھے کس طرح مردوں کے کندھوں پر اٹھایا جائے گا، جبکہ میرا جسم لوگوں کے سامنے نمایاں ہوگا؟ حالانکہ اب میری حالت یہ ہو چکی ہے کہ میرا جسم ایک سایے کی مانند رہ گیا ہے اور میری کھال میری ہڈیوں سے چپک گئی ہے۔"

حضرت اسماء نے عرض کیا:
اے دخترِ رسولِ خدا (ص)! اگر اللّٰه تعالیٰ نے آپ کے بارے میں کوئی فیصلہ فرما دیا (اور آپ کی شہادت ہو گئی) تو میں آپ کے لیے ایک ایسی چیز تیار کروں گی جسے میں نے سرزمینِ حبشہ میں دیکھا ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا نے فرمایا: وہ کیا چیز ہے؟

حضرت اسماء نے عرض کیا: وہ تابوت ہے۔ اسے چارپائی کے اوپر میت کے جسم پر رکھا جاتا ہے، جو میت کے جسم کو ڈھانپ لیتا ہے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا نے فرمایا: اسے میرے لیے تیار کرنا۔

چنانچہ جب آپ کی شہادت ہوئی تو حضرت اسماء نے آپ کے لیے وہ تابوت تیار کی۔ اس طرح اسلام میں خواتین کے لیے بنایا جانے والا یہ پہلا تابوت تھا۔

امام محب الدین طبری کی کتاب ذخائر العقبىٰ في مناقب ذوي القربى (صفحہ 53) میں یہ روایت یوں نقل ہوئی ہے:

«قَالَتْ فَاطِمَةُ عَلَيْهَا السَّلَامُ لِأَسْمَاءَ بِنْتِ عُمَيْسٍ: يَا أَسْمَاءُ، إِنِّي قَدِ اسْتَقْبَحْتُ مَا يُصْنَعُ بِالنِّسَاءِ، أَنَّهُ يُطْرَحُ عَلَى الْمَرْأَةِ الثَّوْبُ فَيَصِفُهَا. فَقَالَتْ أَسْمَاءُ: يَا بِنْتَ رَسُولِ اللَّهِ، أَلَا أُرِيكِ شَيْئًا رَأَيْتُهُ بِأَرْضِ الْحَبَشَةِ؟ فَدَعَتْ بِجَرَائِدَ رَطْبَةٍ فَحَنَتْهَا، ثُمَّ طَرَحَتْ عَلَيْهَا ثَوْبًا، فَقَالَتْ فَاطِمَةُ: مَا أَحْسَنَ هَذَا وَأَجْمَلَهُ!»

حضرت فاطمہ سلام اللّٰه علیہا نے حضرت اسماء بنت عمیس سے فرمایا: اے اسماء! مجھے یہ بات ناپسند ہے جو خواتین (کے جنازے) کے ساتھ کی جاتی ہے کہ عورت پر محض ایک کپڑا ڈال دیا جاتا ہے جو اس کے جسم کے خدوخال کو ظاہر کرتا ہے۔

حضرت اسماء نے عرض کیا: اے رسول اللّٰه صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی! کیا میں آپ کو ایک ایسی چیز نہ دکھاؤں جو میں نے سرزمینِ حبشہ میں دیکھی تھی؟ چنانچہ انہوں نے کھجور کی تر شاخیں منگوائیں، انہیں جھکایا (کمان کی طرح موڑا) اور پھر ان پر ایک کپڑا ڈال دیا۔
یہ دیکھ کر سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللّٰه علیہا نے فرمایا:

مَا أَحْسَنَ هَذَا وَأَجْمَلَهُ!
کتنا بہترین اور کتنا خوبصورت ہے یہ!

• بحارالانوار، ج 78، ص 282
• ذخائر العقبیٰ، ص 53
• دعائم الاسلام، ج 1، ص 232
• کشف الغمّہ، ج 1، ص 53-54

آج کی خواتین کے نام پیغام

بس یہ واقعہ واضح کر رہا ہے کہ بی بی کی زندگی میں حجاب کا مقصد صرف اپنے اوپر چادر ڈال لینا نہیں ہے، بلکہ حجاب ایسا ہونا چاہیے کہ نامحرم اس خاتون کے قد و قامت کو بھی محسوس نہ کر سکے۔

اے خواتین! سیدہ کا پیغام آج بھی اتنا ہی زندہ ہے جتنا چودہ سو سال پہلے تھا۔ جس بی بی کو موت کے بعد بھی اپنے پردے کی فکر تھی، وہ آج تم سے پوچھ رہی ہیں: تمہیں اپنے پردے کی کتنی فکر ہے؟ حجاب تمہاری کمزوری نہیں، تمہاری طاقت ہے۔ حجاب تمہیں چھپاتا نہیں، حجاب تمہیں بچاتا ہے، بری نگاہوں سے، برے ارادوں سے، اور اس دنیا سے جو عورت کو صرف جسم سمجھتی ہے۔

آؤ، آج عہد کریں کہ ہم سیدہ زہرا سلام اللّٰه علیہا کی کنیزیں بنیں گی، ایسی کنیزیں جن کا پردہ ان کی پہچان ہو، جن کی حیا ان کی شان ہو، اور جن کی زندگی سے رسولِ خدا صلی اللّٰه علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی کی خوشبو آئے۔ کیونکہ جو عورت چادرِ زہرا سلام اللّٰه علیہا اوڑھ لیتی ہے، وہ دنیا میں بھی سرخرو رہتی ہے اور آخرت میں بھی سیدہ کی شفاعت کی امیدوار رہتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha