حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی وزارت دفاع کے مشیر جان لوریمر سے ملاقات میں عراقی صدر برہم صالح نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے میں تناؤ کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی تعاون کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور ہمیں دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ کے لئے بین الاقوامی تعاون درکار ہے،کیونکہ ان گروہوں سے کسی ملک یا سرحد سے قطع نظر سب کو خطرات لاحق ہیں۔
برہم صالح نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ عراقی سیکیورٹی فورسز مختلف طریقوں سے داعش کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئیں ،کہا کہ تاہم وقتا فوقتا دہشت گرد گروہ کی باقیات ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کیلئے مختلف علاقوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
عراقی صدر نے ترقی اور خوشحالی کے مواقع کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عراقی سلامتی اور استحکام کو مزید فروغ دینے کیلئے سب کو مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے عراق کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا اور عراق کسی صورت اسے کمزور کرنے کی کوششوں کو قبول نہیں کرتا۔