۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ افضل حیدری

حوزہ/مچھ میں محنت کشوں کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کو بدترین دہشت گردی قرار دیتے ہوئے انسانیت سوز واقعہ کی سخت مذمت اور غمزدہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ پاکستان او ر مہتمم اعلیٰ حوزہ علمیہ مہتمم اعلیٰ علامہ محمد افضل حیدری نے مچھ میں محنت کشوں کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت کو بدترین دہشت گردی قراردیتے ہوئے انسانیت سوز واقعہ کی سخت مذمت اورغمزدہ متاثرین سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

میڈیا سیل کی طرف سے جاری تعزیتی اعلامیہ میں انہوں نے کہا کہ رزقِ حلال کمانے میں مشغول مظلوم مزدوروں کی مسلکی بنیاد پر شناخت کے بعد ٹارگٹ کلنگ نہایت بھیانک واردات ہے۔پاک فوج اور امن و امان کے ذمہ دار ادارے بلوچستان میں مدتوں سے شناخت شدہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی طرح بلوچستان میں بھی اگر دہشت گردوں کے خلاف بھر پور آپریشن کیا جاتا تو اسی صوبے میں اندوہناک سانحات بار بار پیش نہ آتے۔

علامہ محمد افضل حیدری نے افسوس کا اظہار کیا کہ میڈیا بعض واقعات میں دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کو شہید اور بعض کو ہلاک یا جاں بحق قرار دینے کا دوہرا معیار اپنائے ہوئے ہے ، اسے ختم کیا جائے ۔ رزقِ حلال کمانے کے لئے محنت مزدوری کرتے ہوئے دہشت گردی کا شکار افراد اگر شہید نہیں تو دیگر لوگ کس ضابطے کے تحت شہید ہیں؟ میڈیا اپنے دوہرے معیار کو ترک کرکے قومی ادارہ بنے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کے لئے بلوچستان جائیں اور اس بھیانک واردات کی انکوائری کی خود نگرانی کرکے ذمہ داروں کو نشانہءعبرت بنانے کی ہدایات جاری کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .