حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پوری دنیا کے ساتھ ہندوستان کے ضلع کرگل میں بھی ''یوم مادر'' کے عنوان سے ولادت با سعادت بی بی دو عالم حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر ضلع کے مرکزی جامع مسجد میں بسیج روحانیون آئی کے ایم ٹی کرگل کے اہتمام سے ایک عظیم الشان محفل کا انعقاد کیا گیا۔
مجلس میں کثیر تعداد میں علماء کے علاوہ سینکڑوں مومنین نے بھی شرکت کی۔ جن میں آئی کے ایم ٹی کے نگران کونسل کے چیئرمین حجت الاسلام شیخ محمد محقق اور بسیج روحانیون آئی کے ایم ٹی کے نائب رئیس حجت الاسلام شیخ محمد حسین رجائی قابل ذکر ہیں۔
محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس کے بعد علماء نے جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی فضیلت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر بسیج روحانیون سے منسلک مختلف دار القران کے طلاب نے بانوے دو عالم کے شان میں قصیدے اور ترانے بھی پیش کئے۔
آخر میں صدر محفل حجت الاسلام آقائے شیخ محمد عیسیٰ حافظی نے صدارتی خطبہ اور دعائے خیر کے ساتھ محفل کا اختتام کیا۔اس موقع پر جناب سیدہ کی ذات اقدس سے متوسل ہو کر انقلابِ اسلامی اور مقامِ ولایت عظمیٰ کی سر بلندی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئی۔
آپ کا تبصرہ