حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے حصول کے لئے ہمارے اجداد نے لازوال قربانیاں دیں، یہ ریاست لاکھوں مسلمانوں کی انتھک جدوجہد کا ثمر ہے، ایک آزاد ریاست کا مطالبہ اس لئے تھا کہ برصغیر کے مسلمان غلامی کے چنگل سے نجات حاصل کرکے آزادانہ زندگی بسر کر سکیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر اپنے بیان میں علامہ باقر زیدی کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے کسی بھی بیرونی ڈکٹیشن کو خاطر میں نہ لانا ہماری آئینی ذمہ داری ہے، عالمی استکباری و استعماری قوتوں کو ڈنکے کی چوٹ پر یہ باور کرایا جائے کہ ہم ان کے کسی بھی حکم کے پابند نہیں، ہمیں قومی وقار اور ملکی مفاد ہر شے پر مقدم ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم نے نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ہم ہر آزمائش سے نبرد آزما ہونے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی، مشکل کی ہر گھڑی میں پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند دشمن کے سامنے کھڑی نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سب نے اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ مادر وطن کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، ملک کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدوں کی حال میں حفاظت کریں گے۔