۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
نجلا سایدان

حوزہ/ خانم سایدان نے کہا کہ امام خمینی(رح) نے انقلاب اسلامی کے ذریعے کفار اور شیاطین کے مقابلے میں کھڑے ہو کر حق و باطل کے محاذ کا تعین کیا اور آج ہمارا سب سے اہم دشمن امریکہ اور اسرائیل ہے اور ان سے نمٹنے کا واحد راستہ مسلمانوں کا اتحاد ہے اور 43 سال سے انقلاب اسلامی کو ختم کرنے کے خواہشمند دشمن اس عظیم انقلاب کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ترکی سے تعلق رکھنے والی اسلامی ماہر محترمہ خانم نجلا سایدان نے ارومیہ میں بسیج سنٹر کے ہال میں "مسلمانوں کے اتحاد میں قرآن کے کردار" کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے موقع پر  یہ بیان کرتے ہوئے کہ جو لوگ رنگ و نسل کے اسیر ہوں گے ان کے آپس میں اختلافات ہوں گے،کہا کہ مسلمان سب سے پہلے موحد اور اہل قرآن ہیں،کیونکہ ہم اسلام کے پرچم کے سائے میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ والہ و سلم کے امتی ہیں لہٰذا آپس میں بھائی اور برابر ہیں اور اگر ہم رنگ و نسل کے اسیر ہوگئے تو ہمارے درمیان جنگیں ہوں گی اور دشمن بھی ہمارے درمیان جنگ چاہتا ہے۔اسلام امن اور دوستی کا مذہب ہے اور آج مسلمانوں کی سب سے اہم ذمہ داری اور فریضہ تنازعات اور اختلافات کا مقابلہ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں حق و باطل،ظلم و عدالت،ظالم اور مظلوم ہمیشہ آپس میں ٹکراتے رہے ہیں اور ہمیں ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا اور اگر آج شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے والے اسلامی معاشروں میں اثر و رسوخ پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے تو وہ فسادات اور جنگیں شروع کر دیں گے۔

ترک اسلامیات کی ماہر نے کہا کہ تمام مسلمان ایک قبلہ،خدا،قرآن،پیغمبر اور مذہب پر یقین رکھتے ہیں اور کیوں کر ہمارے درمیان اختلافات ہوں؟ہمارے پاس مشترکات پر بھروسہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے،کیونکہ بصورت دیگر ہمیں دنیا اور آخرت میں نقصان اٹھانا پڑے گا اور امام راحل (رح) نے اتحاد کے مسئلے کو صحیح طریقے سے پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج امریکہ اور صہیونی حکومتیں اسلامی ممالک پر نظریں جمائے ہوئے ہیں اور اسلامی بھائیوں کو آپس میں لڑانا اور فساد کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اگر مسلمانوں کے درمیان اختلاف ہوا تو دشمن بھیڑیے کی مانند مسلمانوں پر حملہ آور ہوں گے۔

خانم سایدان نے مزید کہا کہ امام خمینی(رح) نے انقلاب اسلامی کے ذریعے کفار اور شیاطین کے مقابلے میں کھڑے ہو کر حق و باطل کے محاذ کا تعین کیا اور آج ہمارا سب سے اہم دشمن امریکہ اور اسرائیل ہے اور ان سے نمٹنے کا واحد راستہ مسلمانوں کا اتحاد ہے اور 43 سال سے انقلاب اسلامی کو ختم کرنے کے خواہشمند دشمن آج تک اس عظیم انقلاب کو ختم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہل بیت علیہم السلام امت اسلامیہ کے درمیان اتحاد کا محور ہیں اور ہم نے اربعین میں اتحاد و وحدت کے اس عظیم محور کو دیکھا ہے ہمیں ان مسائل کو دوسرے ممالک میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ جتنا ہم ایک دوسرے سے منسلک رہیں گے اتنا ہی ہمیں کامیابیاں حاصل ہوں گی اور جنتا ایک دوسرے سے دور رہیں گے انتا ہی فتنہ و فساد کی راہ ہموار ہوگی۔

ترک ریسرچ اسکالر نے استکبار جہاں کے شر سے مقابلہ کرنے کا راستہ مسلمانوں کے اتحاد و وحدت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ  ہم بحیثیت اہل سنت اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اہل بیت علیہم السلام کے دوست ہمارے دوست اور اہل بیت(ع) کے دشمن ہمارے دشمن ہیں اور جس نے رسول خدا (ص) کی اولاد کے خلاف قیام کیا گویا اس نے خدا سے جنگ کی،آج امام حسین علیہ السلام اور ائمہ معصومین علیہم السلام کی محبت ہی مسلمانوں کے اتحاد کا راز ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .