حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/آغاز ایام شہادت دختر رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت پر مرکزی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی محترمہ سیدہ زہرا نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایام فاطمیہ کو ایام دفاع ولایت سے تعبیر کیا جاتا ہے ان مجالس عزا کے ذریعے جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کا روشن و تابناک کردار و اسوہ کاملہ کو اجاگر کریں۔
انہوں نے کہا اگر ہم جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی زندگی کا بغور مطالعہ کریں تو بی بی دو عالم اپنے چاہنے والوں کو اپنی پاکیزہ سیرت اور گفتار سے ہر دور میں ایک اہم ترین عمل یعنی ولایت سے متسمک رہنےاور ولایت کے دفاع کی خاطر میدان میں رہنے کی دعوت دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا زہرا مرضیہ سلام اللہ علیھا نہ صرف خواتین کے لیے اسوہ ہیں بلکہ کل بشریت کے لیے آپ کی ذات مقدسہ نمونہ عمل ہے آپ سلام اللہ علیہا کی تعلیمات، اقوال اور خطبات قیامت تک کے لیے منبع ہدایت ہیں۔
ان کا مذید کہنا تھا دور حاضر میں ہر ظلم کے خلاف کلمہ حق بلند کرنے کا حوصلہ اور دین اسلام کا دفاع کرنے کی جرات و ہمت ہمیں سیدہ طاہرہ سلام اللہ علیھا کی عظیم شخصیت سے حاصل ہوتی ہے پروردگار ہم سب کو سیرت فاطمی اپنانے کی توفیق عطا فرمائے ۔