حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مولا علی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر منعقدہ کیمپ میں مختلف امراض کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں نے مریضوں کا معائنہ کیااور مریضوں کو مفت دوائیاں بھی دیں۔اس موقع پر شوگر اور بلڈ پریشر کی جانچ کے علاوہ جنرل چیک اپ اور اسپیشلسٹ چیک اپ،فزیشن،گائنی کالوجسٹ، سرجن،ڈینٹسٹ و دیگر ماہر ڈاکٹروں کو دکھانے کے لئے علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔
میڈیکل کیمپ کی سہولیات سے لوگوں میں خاص طور پر خواتین بزرگ اور بچوں میں کافی خوشی دیکھنے کو ملی کیونکہ فری طبی سہولیات کا ملنا خوشی کی بات ہے۔ لائف لائن ھاسپیٹل کے ڈائریکٹر مستفیض مہدی نے کہا کہ اس دور میں مہنگے علاج معالجہ کی وجہ سے لوگ ہاسپٹل جانے میں ہچکچاتے ہیں اسی وجہ سے ہم نے یہ قدم اٹھایا تاکہ مختلف علاقوں میں ضرورتمندوں کو طبی سہولت فراہم کی جاسکیں اور ہماری اس کوشش کا اچھا رسپانس مل رہا ہے لوگ بڑی تعداد میں کیمپ میں آرہے ہیں۔
آل انڈیا شیعہ کونسل کے صدر مولانا جنان اصغر مولائی نے کہا کہ موجودہ دور میں جس طرح کے حالات چل رہے ہیں اس میں ضرورت مندوں کے لیے اس طرح کے میڈیکل کیمپ کا انعقاد ایک بہت بڑی خدمت ہے جس میں لوگوں کو فری علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ آئندہ بھی اس طرح کی خدمات کونسل کی طرف سے جاری رہیں گی۔ آل انڈیا شیعہ کونسل کے جنرل سکریٹری مولانا مرزا عمران علی نے کہا کہ مولا علی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر یہ کیمپ لگایا گیا ہے اور یہ خراج عقیدت ہے ہماری پوری ٹیم کی جانب سے کیونکہ خدمت خلق مولا علی کا اہم ترین سبق ہے۔
آل انڈیا شیعہ کونسل کے ترجمان مولانا جلال حیدر نقوی نے فری میڈیکل کیمپ کے کامیاب انعقاد پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں علاج کےضروتمندوں کی خدمت سے ہمیں قلبی سکون حاصل ہوا ہے ہم آئندہ بھی ایسی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ اس کیمپ کے انعقاد میں خصوصی تعاون کے لئے انجمن حیدری (سانکھنی) کے ذمہ داران اور ڈاکٹر ساجد رانا، ڈاکٹر گورو پرکاش، ڈاکٹر شکھا جوشی، ڈاکٹر ارم عرفان علی ،ڈاکٹر اے این آفاق ،ڈاکٹر عباس رضا زیدی،مولانا مرزا اظہر عباس،مولانا مرزا عرفان علی،مولانا باقر زیدی ،مرزا نزاکت علی،مولانا شیخ محمدعسکری،ساحل نقوی ، ماسٹر کرامت علی ، مرزا وسیم علی کا شکریہ ادا کیا اس کیمپ کے انعقاد میں شیعہ کونسل کے سرپرست مولانا محمد رضا غروی اور نائب صدرمولانا کرامت حسین جعفری کاخصوصی تعاون رہا۔