حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماہ مبارک رمضان ماہ نزول قرآن کریم کی مناسبت سے خانہ فرہنگ کوئٹہ کے زیر اہتمام علامہ اقبال لائبریری میں محفل قرآن کریم منعقد ہوئی۔ محفل قرآنی میں شیعہ و سنی قاریانِ قرآن کریم، علمائے کرام اور سیاسی مذہبی رہنما شریک ہوئے۔
محفل قرآن میں جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حجۃ الاسلام والمسلمین سید ہاشم موسوی، حجۃ الاسلام والمسلمین ولایت حسین جعفری، حجۃ الاسلام والمسلمین مقصودعلی ڈومکی، کونسل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران آقای درویش وند، جماعت اھل سنت کے صوبائی صدر پیر سید حبیب اللہ شاہ چشتی، ڈائریکٹر خانہ فرھنگ آقای تقی زادہ واقفی، ممتازعالم دین علامہ جمعہ اسدی و دیگر افراد شریک ہوئے۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان حجۃ الاسلام والمسلمین مقصود علی ڈومکی نے محفل قرآن کریم کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا: ماہ رمضان بہار قرآن کا مہینہ ہے۔ قرآن کریم کی تلاوت باعث ثواب، قرآن سمجھنا باعث ہدایت اور قرآن پر عمل کرنا باعث نجات ہے۔
انہوں نے کہا :مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں میں قرآنی محافل کا اہتمام کرکے لوگوں میں قرآن فہمی کو عام کیا جائے۔
حجۃ الاسلام مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا: قائد شہید علامہ سید عارف حسین الحسینی کے فرمان کے مطابق 23 تا 27 رمضان المبارک کو ہفتۂ نزول قرآن کے طور پر منایا جائے اور قرآن کریم کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کا عہد کیا جائے۔ نوجوان نسل قرآن فہمی پر خصوصی توجہ دے۔
انہوں نے کہا: کریم آل محمد حضرت امام حسن مجتبی علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے۔ آپ کی مدح میں قرآن کریم کی آیات نازل ہوئیں۔