حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقاومتی تحریکِ امل لبنان نے ایک بیان میں ڈنمارک کی انتہا پسند جماعت کے رہنما راموس پالودان کے قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کو نذر آتش کرنا مسلمانوں کے مقدسات کے خلاف کھلی دہشت گردی ہے۔
امل تحریک نے قرآن مجید کی بے حرمتی کو عالمی سطح پر مسلمانوں کے مقدسات کے خلاف کھلی دہشت گردی اور ان کے جذبات کو مشتعل کرنے کا باعث قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام دوسروں کی محبت اور پہچان پر مبنی عیسائی اقدار کے برخلاف اور مکمل طور پر بے بنیاد عمل ہے۔
تحریکِ امل نے مزید کہا کہ یہ عمل آسمانی ادیان کے پیروکاروں میں نفرت انگیز جذبات کو پھیلانے اور انتہا پسندی اور دہشت گردی کی تقویت کا باعث بنا ہے۔
امل تحریک نے سویڈش حکومت سے دوسرے مذاہب کے اصولوں اور مقدسات کے خلاف اس طرح کی توہین آمیز کارروائیوں کو روکنے کے لئے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کے مذہبی رہنماؤں بالخصوص عیسائی رہنماؤں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان کارروائیوں پر واضح مؤقف اختیار کریں۔