۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
امریکہ

حوزہ/ امریکہ میں آئے روز فائرنگ اور قتل و غارت عام ہو گیا ہے۔ فائرنگ کے تازہ واقعے میں کل 23 افراد کے ہلاک اور زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی ریاست کولوراڈو کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جبکہ اس واقعے میں 18 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔

کولوراڈو پولیس کے مطابق انہوں نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے جس سے اس فائرنگ کے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی دیر رات پیش آیا۔ فائرنگ کے وقت کلب میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کولوراڈو پولیس کے ایک سینئر افسر کے مطابق، آدھی رات سے پہلے انہیں ایک کال موصول ہوئی جس میں فائرنگ کی اطلاع تھی۔ فون کرنے والے نے فون پر بتایا تھا کہ نائٹ کلب میں کچھ لوگ اندھا دھند فائرنگ کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئی۔

فی الحال کولوراڈو پولیس نے اس واقعے کے حوالے سے کیس درج کرکے اپنی تحقیقات شروع کردی ہے۔ اس واقعے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے پولیس نائٹ کلب کے باہر اور اندر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کی بھی جانچ کر رہی ہے۔ پولیس نے واقعے کے حوالے سے نائٹ کلب میں ڈیوٹی کرنے والے کچھ ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں فائرنگ کا واقعہ اب روزمرہ کا معمول بنتا جا رہا ہے، اس ملک میں فائرنگ کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ کھلے عام فائرنگ کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں اور یہ سب گن کلچر کا نتیجہ ہے۔ باشعور حلقوں کا کہنا اور ماننا ہے کہ امریکہ دوسرے ممالک میں رونما ہونے والے چھوٹے چھوٹے واقعات پر تشویش کا اظہار کرنے کے بجائے اپنے ہی ملک میں ہونے والے تشدد اور گولیوں کے خاتمے کی کوشش کرے۔ اسی طرح ان تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امریکہ دوسرے ممالک کو انسانی حقوق کا سبق سکھانے کے بجائے اپنے ملک کے شہریوں کو انسانی حقوق سکھائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .