۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ ناظر عباس تقوی

حوزہ/ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ علامہ ناظر عباس تقوی کو شب ولادت امام علیؑ کے موقع پر خانہ کعبہ میں علیؑ ولی اللہ کا پرچم لہرانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،پاکستان کے معروف عالم دین علامہ ناظر عباس تقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری کو سعودی حکام نے عمرے کی ادائیگی کے دوران مکہ مکرمہ میں گرفتار کرلیا۔علامہ ناظر عباس تقوی کی گرفتاری سے متعلق پوسٹ اُن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ علامہ موصوف کو عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، سعودی عرب کی شاہی حکومت کی ایماء پر سعودی پولیس نے علامہ ناظر عباس تقوی کو مکہ مکرمہ سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ سعودی حکام کی جانب سے علامہ ناظر عباس تقوی کی گرفتاری کی کوئی ٹھوس وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

واضح رہے کہ علامہ سید ناظر عباس تقوی ان دنوں 13 رجب المرجب جشن ولادت باسعادت مولود کعبہ مولا علی ابن ابی طالبؑ کے پرمسرت موقع پر عمرے کی سعادت کے حصول کیلئے سعودی عرب میں موجود تھے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ علامہ ناظر عباس تقوی کو شب ولادت امام علیؑ کے موقع پر خانہ کعبہ میں علیؑ ولی اللہ کا پرچم لہرانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سعودی شاہی حکومت اس سے قبل بھی متعدد شیعہ علماءو اکابرین کو گرفتار کرچکی ہے ، سن اسی کی دہائی میں حج کے موقع پر امریکا اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کے جرم میں بانی آئی ایس او شہید ڈاکٹر محمدعلی نقوی ، علامہ فاضل حسین موسوی، علامہ اعجازحسین نقوی و دیگر کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جنہیں کئی ماہ قید کے بعد رہا گیا تھا۔

دوسری جانب علامہ ناظرعباس تقوی کی گرفتاری پر شیعیان پاکستان میں شدید تشویش پائی جارہی ہے،اور ملت جعفریہ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ علامہ ناظر عباس تقوی کو فوری طور پر سعودی حکومت کی قید سے رہا کروانے کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کرے ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .