حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا کلب جواد نقوی نے وقف لیٹروں کے خلاف بیان جاری کرتے ہوئے مولانا شبیب کاظم کی گرفتاری کی مذمت کی اور انہیں جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے 14 مارچ کو مومنین سے بڑی تعداد میں مظفر پور مولانا شبیب کاظم کے گھر پہونچنے کی اپیل بھی کی ،جس کے بعد آج صبح لوگ بڑی تعداد میں مولانا کے گھر پہونچے جہاں مولانا کلب جواد نقوی نے مولانا قاضی عسکری کے ساتھ پریس کانفرنس کو خطاب کیا ۔پریس کانفرنس میں انہوں نے مولانا شبیب کاظم کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اوقاف کی زمینوں پر ہوئے ناجائز قبضوں کو ہٹوانے کی بات رکھی ۔مولانا نے کہاکہ اگر جلد ہی مولانا شبیب کاظم کو رہانہیں کیا گیا تو ہم بہار میں بڑی عوامی تحریک شروع کریں گے۔
مجلس علمائے ہند نے بھی مولانا شبیب کاظم کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور علما سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف متحد ہوکر مولانا شبیب کاظم کا ساتھ ضرور دیں ۔یہ ہمارا دینی اورایمانی فریضہ ہے ۔خاص طورپر بہار کے علما اور مومنین ان کی رہائی کے لئے زمینی جدوجہد کریں ۔
واضح رہے کہ مظفر پور کے کمرا محلے میں مولانا کلب جواد نقوی علماء کے ساتھ موجود ہیں جہاں بھاری تعداد میں عوام بھی موجود ہے ۔