۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ/ مولانا سید علی ہاشم عابدی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبہ فدک کا ذکر کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس خطبہ میں دین کے اصول بھی ہیں فروع بھی اور اخلاق بھی ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنو/ گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت عظمیٰ کی یاد میں خمسہ مجالس جناب سید قربان کاظمی صاحب کے زیر اہتمام انجمن ام البنین سلام اللہ علیہا کی جانب سے منعقد کیا گیا ہے۔

جس کی دوسری مجلس میں مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی حدیث ‘‘رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بیٹی ہمارے لئے اسوہ حسنہ ہیں ’’ کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے بیان کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف خواتین بلکہ عالم بشریت کے لئے اسوہ حسنہ ہیں کہ اگر دنیا و آخرت میں کامیابی مقصود ہے تو آپؑ کی تاسّی کرنی ہو گی۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے خطبہ فدک کا ذکر کرتے ہوئے بیان کیا کہ اس خطبہ میں دین کے اصول بھی ہیں فروع بھی اور اخلاق بھی ۔ اس خطبہ میں شہزادی کونین ؑ نے توحید، عدل، عقیدہ نبوت ، عقیدہ امامت اور اسکی اہمیت و ضرورت کو بیان فرمایا، اسی طرح اس خطبہ میں نماز ، زکات، روزہ وغیرہ کے فلسفہ کو بیان کیا نیز میراث کے حقائق بھی بیان کئے ہیں ۔ بنی ہاشم کا طریقہ تھا کہ وہ اپنے بچوں کو جب دین تعلیم دیتے تھے تو انہیں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا خطبہ بھی تعلیم دیتے تھے۔

مولانا سید علی ہاشم عابدی نے بیان کیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے خطبہ اور اقدامات کے ذریعہ بے حس قوم کی حس کو بیدار کیا ، اگر آج ہم چاہتے کہ دینی غیرت بیدار ہو تو ہمیں آپؑ سے درس لینا ہوگا،آپؑ کے خطبہ کو پڑھنا ہوگا، آپؑ کے اقدامات پر توجہ کرنی ہو گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .