حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جنوبی غزہ میں صہیونی حملے میں مزید 17 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، صیہونی حملہ الجنینا نامی علاقے میں ایک فلسطینی خاندان پر کیا گیا ،منگل کو بھی غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونیوں کے حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہوئے۔
غزہ میں گزشتہ 103 دنوں میں صیہونیوں کے ہاتھوں ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، غزہ کی جنگ میں اب تک 24258 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ ان حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 61 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، 7 اکتوبر سے مسلسل صہیونی حکومت غزہ پر حملے کر رہی ہے۔
ادھر صیہونی حکومت کی لیبر پارٹی نے بدھ کی شب اعلان کیا ہے کہ وہ آنے والے پیر کو نیتن یاہو کی کابینہ کے مواخذے اور اعتماد کا ووٹ واپس لینے کی تجویز پیش کرے گی، صیہونی لیبر پارٹی کے مطابق یہ کام اس لیے کیا جا رہا ہے کہ نیتن یاہو کی حکومت نے اسرائیلی یرغمالیوں کی آزادی کو اپنی ترجیح نہیں رکھا بلکہ اپنے مذموم مفادات کی تکمیل میں مصروف ہے۔
اس سے پہلے بھی وہاں کے اپوزیشن لیڈروں نے کہا تھا کہ نیتن یاہو کی حکومت ہمارے قیدیوں کو رہا کرنے میں بالکل سنجیدہ نظر نہیں آتی، ان چیزوں کے علاوہ صہیونی قیدیوں کے اہل خانہ نے اپنے رشتہ داروں کی آزادی کے لیے متعدد بار احتجاج کیا اور نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگائے۔