۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
بڈگام یوم قدس

حوزہ/ کشمیر میں آغا سید حسن کی قیادت بڈگام میں یوم القدس کا سب سے بڑا جلوس برآمد ہوا جس میں ہزاروں عقیدتمندوں نے فلسطینی مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے طول و عرض میں جمعة الوداع کے اجتماعات منعقد ہوئے اور درجنوں مقامات پر حکومتی محاصروں کے باوجود یوم قدس کے مناسبت سے جلوس برآمد کئے گئے۔

اس موقع پر فلسطین کی آزادی کے لئے خصوصی دعا ئیں مانگیں گئی اور ائمہ جمعہ نے جمعة الوداع کی فضیلت و عظمت،یوم قدس کی اہمیت اور فلسطین کی موجودہ صورتحال سے عوام الناس کو آگاہ کیا۔

جمعة الوداع کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقد ہواجہاں ہزاروں فرزندان توحید نے انجمن شرعی شیعیان کے صدرحجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی اقتداءمیں نماز جمعہ ادا کی، آغا صاحب نے جمعة الوداع اور یوم قدس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مبارک کے آخری عشرے بالخصوص جمعة الوداع کے دن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی دعاوں کو لازمی طور پر مستجاب فرماتا ہے۔

انہوں نے کہا: آج کے دن جہاں ایک طرف مسلمان خداوند متعال سے اپنی دنیا و آخرت کی سرخروئی کیلئے دست بدعا ہیں وہیں دوسری طرف اپنے مظلوم و محکوم برادران ملت سے اظہار یکجہتی مسلمانوں کا دینی فریضہ اور ظلم و تسلط سے ان کی نجات کیلئے دعا کرنا ایک ایمانی تقاضا ہے۔

نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تنظیم کے اہتمام سے آغا صاحب کی قیادت میں مرکزی امام باڑہ بڈگام سے یوم قدس کا جلوس نکالا گیاجس میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ مین چوک بڈگام میں جلوس قدس امام بارگاہ میں اختتام کو پہنچا جہاں آغا صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظلومین عالم کے تئیں عالمی برادری کی عدم توجہی امن عالم اور انسانیت کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک خودمختار فلسطینی مملکت کے قیام کے سوا پُرامن مشرقی وسطیٰ کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، اسرائیل اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کیلئے فلسطینی عوام کو اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے اور مسلمانوں کے قبلہ اول کا وجود مٹانے کا متمنی ہے لیکن فلسطینی عوام کی مزاحمت اسرائیلی عزائم کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ اس تناظر میں مظلوم قوم کی حمایت عالم اسلام کا دینی فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا : جبر و تسلط اور توسیع پسندانہ عزائم کے حوالے سے اسرائیل اور ان کے پوشیدہ ساتھی ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔آغا صاحب نے غزہ عوام پر جاری فضائی جارحیت اور مسلمان ممالک کی مجرمانہ خاموشی پر شدید الفاظ میں مذمت کی۔

جن دیگر مقامات پر یوم قدس کے مناسبت سے جلوس نکالے گئے ان میں قدیمی امام باڑہ حسن آباد،امامبارگاہ یاگی پورہ ماگام،آستانہ شریف چاڈورہ، جامع مسجد سونہ پاہ بیروہ،امام باڑہ گامدو سوناواری،جامع مسجد نوگام، و دیگر مرکزی جمعہ اجتماعات شامل ہیں جہاں ائمہ جمعہ حضرات نے کہا کہ اسرائیل نے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد اقصیٰ پر بھی غاصبانہ قبضہ کیا جہاں مسلمانوں کو آزادانہ طور پر عبادات انجام دینے کی اجازت نہیں بلکہ کئی بار مسجد کے اندر بھی نمازیوں پر اسرائیلی فوج نے بے تحاشہ فائرنگ کی ہے صیہونی مظالم کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی ملک سے ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے اور آج فلسطینی عوام جس کسمپرسی کے عالم میں جی رہے ہیں وہ بذات خود صہیونیت کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .