۲۳ آذر ۱۴۰۳ |۱۱ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 13, 2024
حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی

حوزہ/ آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن ،حوزہ علمیہ صوبہ خراسان اور بعثہ مقام معظم رہبری کے تعاون سے آستان قدس رضوی کی علمی و ثقافتی آرگنائزیشن کے شیخ طبرسی ہال میں ’’غزہ؛حسینی اقتدار اور مظلومیت کی علامت‘‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اس کانفرنس میں مختلف ادیان و مذاہب کے دانشوروں اور علمائے کرام نے شرکت کی اور فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم سے متعلق اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

ثقافتی انقلاب کی سپریم کونسل کے رکن جناب استاد رحیم پور ازغدی نے اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج واقعہ کربلا کی طرح غزہ میں مختلف ممالک سے منجملہ عراق، یمن وغیرہ کے شیعہ اور سنی مجاہدین مل کر ظلم کے خلاف جہاد کر رہے ہیں اور یہی وحدت و یکجہتی کفر کی کمر توڑ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی بہت سارے ادیان و مذاہب بشمول یہودی،عیسائی،بودھائی،ہندو اور کئی دیگر مذاہب کے افراد چہلم امام حسین(ع) میں شریک ہوتے ہیں اور سب مل کر راہِ حسین(ع) پر حرکت کرتے ہیں،درحقیقت غیرمسلم دانشوروں کا یہ عقیدہ ہے کہ امام حسین(ع) کا راستہ ہی صراط مستقیم ہے۔

واضح رہے کہ کانفرنس کے چند ایک شرکاء نے حرم امام رضا علیہ السلام کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی سے حرم میں ملاقات کی ،اس دوران حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جو افراد اپنی خاموشی سےیا انحرافی موضوعات کے ذریعہ عوام بالخصوص نوجوان نسل کے ذہنوں کو صہیونیوں،یورپیوں اور امریکیوں کے غزہ میں جرائم اور مظالم سے منحرف کرتے ہیں درحققیت یہ افراد بالواسطہ طور پر اسرائیل کی خدمت کر رہے ہیں ، آج مسلمانوں اور عالم اسلام کا پہلا مسئلہ فلسطین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضروری ہے کہ نوجوان نسل کو اسرائیلی کی مذموم اور گھناؤنی حقیقت اور فلسطین پر ہونے والے ظلم و ستم سے آگاہ کیا جائے،وہی جملہ جو رہبر معظم انقلاب اسلامی نے امریکی طلباء کے لئے استعمال کیا اور کہا کہ ’’آپ تاریخ کی صحیح سمت میں کھڑے ہیں‘‘،ضرورت ہے کہ اپنی نوجوان نسل میں شعور بیدار کیا جائے تاکہ تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہو سکیں،یہ اہم ذمہ داری علمائے دین اور مبلغین اسلام پر ہے ۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ جو افراد غاصب صیہونی حکومت کے ظلم و ستم پر خاموش ہیں انہیں کل قیامت کے دن جواب دینا ہوگا۔

حجت الاسلام مروی نے کہا کہ فلسطین پر ہونے والے مظالم پر یورپی ممالک سمیت انسانی حقوق اور جانوروں کے حقوق کے نام نہاد دعویدار خاموش تماشائی ہیں،حتی زبانی یا بیانی طور پر بھی کوئی پوزیشن لینے کے لئے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت کسی قانون اور اصول کی پابند نہیں ہے ،پناہ گزیں کیمپوں سے لے کر ہسپتالوں اور اسکولوں تک پر حملے کر رہی ہے ،ہیٹلر نے بھی اتنا ظلم نہیں کیا تھا اور بہت افسوس ہو رہا ہے کہ اسلامی ممالک کے سربراہان بھی اس نسل کشی پر خاموش تماشائی ہیں۔

گفتگو کے آخر میں حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے حرم امام رضا علیہ السلام میں مشرف ہونے والے اہلسنت برادران کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس نورانی اور ملکوتی بارگاہ کی زیارت سے مشرف ہونے کے لئے حاضر ہوتا ہے چاہئے وہ کسی بھی مسلک یا مذہب سےہو ہمارے لئے فقط وہ امام رضا(ع) کا زائر ہے اور ہماری ذمہ داری اور اعزاز ہے کہ ہم اسے بہترین خدمات فراہم کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .