حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی نے نجف اشرف میں حسینیہ فاطمیہ اعظم میں نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے کہا: ہمیں مقصد قیام امام حسین علیہ السلام کو میڈیا کے ذریعے اج کے دور میں بیان کرنے کی ضرورت ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم اسے پوری دنیا میں عام کریں اور پھیلائیں۔
انہوں نے عالمی یوم نوجوان کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا: اسلام کہتا ہے کہ نوجوانوں کی ہدایت کے علاوہ ان کے کچھ اور بھی حقوق ہیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ایک حدیث شریف میں فرمایا: میں تمہیں نوجوانوں کے ساتھ نیکی کی نصیحت کرتا ہوں، کیونکہ نوجوان لوگوں میں سب سے زیادہ مہربان ہوتے ہیں۔
امام جمعہ نجف اشرف نے مزید کہا: لیکن مغربی تہذیب یہ کہتی ہے کہ نوجوانوں کو گمراہ ہونے کا پورا حق ہے، یہ صرف مغربی تہذیب میں ہوتا ہے کہ ایک مرد عورت بن رہا ہے اور ایک عورت مرد بن رہی ہے اور انسان حیوان بنتا چلا جا رہا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین قبانچی نے کہا: شہدائے غزہ کی تعداد 40 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور یہودیوں کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگوں اور ان کے بچوں کا قتل عام کیا جائے اور یہ قتل عام کرنا ہمارا حق ہے اور انصاف یہی کہتا ہے کہ ہم ان کا قتل عام کریں۔
انہوں نے مزید کہا: اسرائیل کے سامنے ہتھیار ڈال دینے کا مطلب یہ ہے کہ 20 لاکھ فلسطینیوں کا قتل عام ہو جائے، لہذا مزاحمت کو ہر قیمت پر جاری رہنا چاہیے اور خدا نے ہم سے فتح کا وعدہ کیا ہے اور ہمیں فتح نصیب ہوگی۔
نجف اشرف کے امام جمعہ نے مزید کہا: امام حسین علیہ السلام کی زیارت بہت ہی فضیلت کی حامل ہے اور ائمہ اطہار علیہم السلام سے اس سلسلے میں بے پناہ روایتیں وارد ہوئی ہیں، جیسا کہ امام صادق علیہ السلام سے منقول ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اپنے لخت جگر امام حسین علیہ السلام کی قبر پر حاضر ہوتی ہیں اور زائرین کے لیے مغفرت کی دعا کرتی ہیں۔