جمعہ 19 ستمبر 2025 - 04:00
یورپی کمیشن: غزہ کے 6 لاکھ سے زائد افراد قحط کے خطرے میں

حوزہ/ یورپی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں تقریباً 6 لاکھ فلسطینی، صہیونی حکومت کی جانب سے انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ کے باعث قحط کا شکار ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپی کمیشن کے ترجمان انور العونی نے کہا ہے کہ غزہ کی مسلسل محاصرے اور صہیونی حکومت کی فلسطینیوں کو بھوک سے دوچار کرنے کی پالیسی کے نتیجے میں 6 لاکھ سے زیادہ افراد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔

کمیشن نے بدھ کے روز اسرائیل کے خلاف بے مثال اقدامات کی تجویز پیش کی۔ یورپی کمیشن کی صدر اورسولا فون در لاین نے کہا: "غزہ میں ہر روز رونما ہونے والے ہولناک واقعات بند ہونے چاہئیں۔ فوری جنگ بندی، تمام تر انسانی امداد کی بلا رکاوٹ رسائی اور حماس کے زیر حراست تمام قیدیوں کی رہائی ضروری ہے۔"

ادھر عالمی ادارہ صحت (WHO) نے بھی خبردار کیا ہے کہ غزہ کے اسپتال، جو پہلے ہی شدید دباؤ میں تھے، صہیونی فوج کے شمالی غزہ میں زمینی حملوں کے باعث تباہی کے دہانے پر ہیں۔ ادارے نے اس غیر انسانی صورتِ حال کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ تدروس آدھانوم گبریسوس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر لکھا: "فوجی جارحیت اور شمالی غزہ سے جبری انخلا نے بے گھری کی نئی لہر پیدا کر دی ہے، جس سے وہ خاندان جو پہلے ہی شدید ذہنی صدمات سے گزر رہے تھے، مزید تنگ اور غیر انسانی حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال پہلے ہی دباؤ کا شکار تھے اور اب مکمل طور پر ڈھنے کے قریب ہیں، جبکہ حملوں کی شدت کے باعث عالمی ادارہ صحت ضروری امدادی سامان اور طبی آلات پہنچانے سے قاصر ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha