حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد یعقوب بشوی نے روندو بلتستان میں کالج کے طلباء وطالبات اور اساتذہ کے اجتماع سے قرآن اور ہمارے مستقبل کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ مجید کے نزول کا اصلی مقصد سوچ کی تربیت ہے؛ قرائت اور تلاوت کے ساتھ ساتھ سوچ کی تربیت نہایت اہم اور ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن ہمیں زندگی گزارنے کا طریقہ سکھاتا ہے اور سوچ ہی وہ گوہر نایاب ہے جو انسان کو زندگی کے مقصد سے جوڑتی ہے۔ آج ہم نے خدا کے اس دستور کو چھوڑ دیا ہے جس کا نتیجہ محکومی، محرومی اور غلامی کے سوا کچھ نہیں۔

ڈاکٹر بشوی نے کہا کہ قرآنِ مجید انسان کو غلامی سے نجات دلانے آیا ہے کتاب انزلناہ الیک لیدبروا آیاتہ. قرآن دستور زندگی ہے اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے، تاکہ قرآنی اصول و فارمولے پر عمل کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآن و اہل بیت علیہم السّلام کی محبت ہی دین کی بنیاد ہے؛ اللہ تعالٰی نے اجر رسالت ہی محبت آل رسول علیہم السّلام کو رکھا ہے۔
پروگرام کے آخر میں طلباء وطالبات اور اساتذہ کرام نے مختلف موضوعات پر متعدد سوالات بھی پوچھے اور علامہ ڈاکٹر یعقوب بشوی نے تفصیل سے جوابات دئیے۔
آخر میں کالج کے سینئر استاد اور امام جمعہ جناب شیخ رضا انصاری نے معزز مہمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
اس پروگرام میں ڈی ڈی یو آخوند قاسم، اساتذہ کرام اور مجمع علمائے روندو کے صدر حجہ الاسلام والمسلمین شیخ شرافت صاحب نے بھی خصوصی شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ