حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدینہ منورہ میں پیش آنے والے المناک حادثے میں حیدرآباد اور اطراف کے 40 سے زائد زائرینِ حرمِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے جاں بحق ہو جانے پر ساؤتھ انڈیا شیعہ علماء کونسل کے صدر اور رکن حج کمیٹی، مولانا سید تقی رضا عابدی نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملتِ اسلامیہ کے لیے ایک عظیم سانحہ قرار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے اس افسوسناک حادثے نے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری اسلامی دنیا کے دلوں کو غم سے بھردیا ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی بڑی تعداد حیدرآباد اور اس سے متصل علاقوں کے ان زائرین پر مشتمل ہے جو حرمِ نبوی (ص) کی زیارت کے لئے روانہ ہوئے تھے۔
مولانا سید تقی رضا عابدی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ حرمِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زیارت کے سفر میں جان کی قربانی پیش کرنے والے یہ افراد انتہائی خوش نصیب ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں اپنی خاص رحمت اور جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ ان خانوادوں کے لیے ناقابلِ بیان صدمہ ہے جنہوں نے اپنے عزیزوں کو راہِ زیارت میں کھو دیا، تاہم صبر و دعا ہی اس آزمائش کی گھڑی کا واحد سہارا ہے۔
مولانا تقی رضا عابدی نے مزید کہا کہ ہم سب اس غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور تمام زائرین کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
آخر میں انہوں نے پوری ملتِ اسلامیہ سے اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے اور جاں بحق ہونے والوں کے حق میں دعا کرنے کی اپیل کی۔









آپ کا تبصرہ