حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ جعفریہ اجمیر تاراگڑھ میں حجۃالاسلام مولانا نقی مھدی زیدی امام جمعہ تاراگڑھ اور مولانا مظفر حسین کے توسط سے ١٨ شعبان المعظم بانئی تنظیم المکاتب خطیب اعظم علامہ سید غلام عسکری اعلیٰ اللہ مقامہ کے یوم وفات کے موقع پر یوم معلم اور قرآن خوانی و مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔

یومِ معلم کے موقع پر بانئ تنظیم المکاتب خطیب اعظم مولانا سید غلام عسکری اعلیٰ اللہ مقامہ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کے علاوہ مدرسہ کے طلاب نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔
امام جمعہ تاراگڑھ حجۃالاسلام مولانا نقی مہدی زیدی نے کہا کہ خطیب اعظم مولانا غلام عسکری طاب ثراہ کا وجود مکتب کی شکل میں آج بھی زندہ ہے اور آپ کی حسن نیت اور خلوص عمل اور خدمات و زحمات کا تذکرہ جگہ جگہ ہوتا ہے قوم آج تک یاد کرتی ہے آپ آج بھی ایسے زندہ استاد ہیں کہ جن سے پورے ملک کے طلباء و طالبات مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کی یہ مجلس دراصل اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم بانئ تنظیم کے مشن کو خلوص کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
آخر میں انہوں نے بارگاہِ ربُّ العزّت میں عجز و انکسار کے ساتھ دعا کرائی کہ: اے پروردگار!
بانئ تنظیم مولانا سید غلام عسکریؒ کو اپنی کامل رحمتوں میں جگہ عطا فرما، ان کی دینی و تربیتی جدوجہد کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ بنا دے، اور ہمیں بھی اخلاص، تواضع اور خدمتِ دین کے راستے پر ثابت قدم رکھ۔
بِحَقِّ مُحَمَّدٍ وَآلِ مُحَمَّدٍؑ — آمین یا ربَّ العالمین










آپ کا تبصرہ