حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سابق اسپیکر و رہنما پیپلز پارٹی حاجی فدا محمد ناشاد کی جانب سے مشہ بروم ہوٹل سکردو میں عالم اسلام کے قائد رہبرِ معظم شہید آیت الله العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی شہادت کے سلسلے میں ایک باوقار مجلسِ ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔
تعزیتی ریفرنس میں صدرِ انجمنِ امامیہ بلتستان آغا سید باقر الحسینی، صدرِ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ، سینیئر نائب صدر جمیل احمد سمیت پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی عہدیداران، الیکٹیبلز اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن امامیہ کے صدر آغا سید باقر الحسینی نے خطے کی موجودہ صورتحال اور قیامِ امن کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مثبت کردار کو سراہا اور اس پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ باہمی اتحاد اور ہم آہنگی ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام طبقات کو مل کر سنجیدہ اور مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
انہوں نے شہید رہبرِ معظم کو عالمِ اسلام کا ایک عظیم اور مدبر رہنما قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سینیئر نائب صدر جمیل احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکردو کے عوام امن پسند، محبِ وطن اور سیاحت کے فروغ کے خواہاں ہیں، جو اس خطے کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے۔
مجلسِ ترحیم کے اختتام پر قائد امت شہید رہبر معظم سمیت دیگر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی فاتحہ خوانی کی گئی۔
اس موقع پر میزبان حاجی فدا محمد ناشاد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔











آپ کا تبصرہ