حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے عشرۂ محرم الحرام کی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواسۂ رسول، سردار جنت، حضرت امام حسین علیہ السلام نور خدا اور چراغ ہدایت ہیں، جنہوں نے انسانیت کو ظلمت، گمراہی اور جہالت کے اندھیروں سے نکال کر نور ہدایت اور صراطِ مستقیم سے روشناس کروایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں حسینی امام بارگاہ ڈیرہ اللہ یار میں عشرۂ محرم الحرام کی پہلی مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ جب امت مسلمہ کا ایک بڑا حصہ یزید جیسے فاسق و فاجر اور گمراہ حکمران کے سامنے سر تسلیم خم کر چکا تھا اور حق و باطل کے درمیان امتیاز مٹتا جا رہا تھا، ایسے نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر حضرت امام حسین علیہ السلام شمع ہدایت بن کر جلوہ گر ہوئے اور اپنے عظیم قیام، قربانی اور استقامت کے ذریعے حق و صداقت کا پرچم بلند کیا۔ آپؑ نے اپنے نور ہدایت سے نہ صرف امت مسلمہ بلکہ پوری انسانیت کو ظلم و استبداد کے خلاف مزاحمت، حریت اور عزت نفس کا درس دیا۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ دنیا کے بڑے بڑے بادشاہ، حکمران اور جابر وقت کے دھارے میں گم ہو گئے، ان کے نام و نشان مٹ گئے، لیکن حضرت امام حسین ابن علی علیہما السلام کا نام آج بھی دنیا کے ہر گوشے میں عزت، احترام اور عقیدت کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ امام حسینؑ کائنات کے اس عظیم بادشاہ کا نام ہے جس کا پرچم آج بھی پوری دنیا میں سربلند ہے اور قیامت تک سربلند رہے گا۔ وہ اتنا عظیم تھا کہ ایک اکیلا نو لاکھ کے یزیدی لشکر پر بھاری تھا۔
انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں، بلکہ ہر دور کے انسان کے لئے ایک زندہ پیغام اور دائمی درسگاہ ہے۔ کربلا ہمیں سکھاتی ہے کہ ظلم، جبر، استبداد اور باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق، عدل اور انصاف کی خاطر قربانی دی جائے۔ اسی لئے کربلا ہر زمانے اور ہر دور کے انسان کی ضرورت ہے۔
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ایام محرم دراصل "ایام اللہ" ہیں۔ ان ایام کو منانے کا مقصد صرف غم و ماتم کا اظہار نہیں، بلکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے افکار، تعلیمات، سیرت اور پیغام کو عام کرنا ہے تاکہ معاشرے میں حق و باطل کی پہچان پیدا ہو اور لوگوں کو ہر دور کے یزید اور یزیدی نظام کے مقابلے میں حق، صداقت، عدل اور حریت کا راستہ دکھایا جا سکے۔
انہوں نے برادران اہل سنت سے اپیل کی کہ وہ مجالس عزاء، اور محافل ذکر اہل بیت علیہم السلام میں بھرپور شرکت کریں، شیعہ سنی مل کر حضرت امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔









آپ کا تبصرہ