حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے رہبر شہید (رہ) کی تشییع جنازہ کے موقع پر اپنے ایران کے دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا: رہبر شہید (رہ) کی عظیم شہادت نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مقاومتی حکمت عملی کو نئی فکری بنیاد فراہم کی ہے۔ رہبر شہید (رہ) نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ ظلم اور استکبار کے خلاف جدوجہد کا راستہ آسان نہیں بلکہ قربانیوں سے عبارت ہے۔
انہوں نے کہا: ولایت کا منصوبہ دشمن کے دباؤ سے نہ تبدیل ہوتا ہے، نہ پیچھے ہٹتا ہے اور نہ ہی اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرتا ہے۔ یہی حقیقی توکل اور حکیمانہ شجاعت کی عملی تصویر ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا: رہبر شہید (رہ) کی مظلومانہ شہادت نے دنیا بھر کی نوجوان نسل میں نئی بیداری پیدا کی ہے اور ایک ایسی وسیع تحریک کو جنم دیا ہے جو حق و باطل کی جدوجہد کو مزید مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھائے گی۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا: رہبر شہید (رہ) کی تاریخی اور بے نظیر تشییع اور دنیا کے مختلف خطوں سے بیدار ضمیروں کی بھرپور شرکت اس حقیقت کی عکاس ہے کہ ایک نئی فکری اور مقاومتی تحریک وجود میں آچکی ہے، جس کا مقابلہ مغربی نظام کے لیے آسان نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا: شہادت محض زندگی کے اختتام کا نام نہیں بلکہ ایک ایسے ابدی سفر کا آغاز ہے جو تاریخ کے افق پر ہمیشہ روشن رہتا ہے۔ شہید کا خون صرف زمین پر نہیں گرتا بلکہ قوموں کے ضمیر میں انقلاب کی صورت اترتا ہے۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے مزید کہا: تاریخ گواہ ہے کہ قومیں صرف طاقت اور وسائل سے نہیں بلکہ حق کی خاطر قربانی دینے والے افراد کے عزم سے سربلند ہوتی ہیں۔ شہید وہ ہے جو اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے ہمیشہ کے لیے زندہ ہو جاتا ہے اور آنے والی نسلوں کو حق، عزت اور استقامت کا راستہ دکھاتا ہے۔









آپ کا تبصرہ