بدھ 22 جولائی 2026 - 13:56
حوزہ نیوز ایجنسی عصرِ حاضر میں ثقافت، معنویت اور اخلاقی اقدار کی معتبر ترجمان بنے: آیت اللہ اعرافی

حوزہ/ حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایران کے صوبہ گلستان میں حوزہ نیوز ایجنسی کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی کو حوزہ علمیہ کی حقیقی ترجمان کے طور پر دینی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار، خدمات اور کامیابیوں کو مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانا چاہیے اور اسے عصر حاضر میں ثقافت، معنویت اور اخلاق کے میدان میں ایک معتبر اور قابلِ اعتماد میڈیا کا مقام حاصل کرنا چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے ایران کے صوبہ گلستان میں حوزہ نیوز ایجنسی کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حوزہ نیوز ایجنسی کو حوزہ علمیہ کی حقیقی ترجمان کے طور پر دینی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار، خدمات اور کامیابیوں کو مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانا چاہیے اور اسے عصر حاضر میں ثقافت، معنویت اور اخلاق کے میدان میں ایک معتبر اور قابلِ اعتماد میڈیا کا مقام حاصل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ مکتبِ اہل بیتؑ اور انقلابِ اسلامی کی فکری بنیاد کا نمائندہ ادارہ ہے، جس کی جڑیں عوام، دینی اقدار اور اسلامی تہذیب میں پیوست ہیں۔ اس ادارے نے ہمیشہ معاشرے میں امید، ترقی، بیداری اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ علماء دین ہمیشہ حق، انصاف، عوامی حقوق اور اسلامی اقدار کے محافظ رہے ہیں اور انہوں نے اپنی علمی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داریوں کو دیانت داری کے ساتھ انجام دیا ہے۔

انہوں نے رہبر معظم کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح حوزہ علمیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، باصلاحیت، انقلابی اور مسائل کا حل پیش کرنے والا ادارہ بننا چاہیے، اسی طرح حوزہ نیوز ایجنسی کو بھی شفاف، امید افزا، پیش رو اور قابلِ اعتماد میڈیا کے طور پر دینی خبروں اور معلومات کی مؤثر اشاعت کا مرکز بننا ہوگا۔

آیت اللہ اعرافی نے گلستان میں حوزہ نیوز ایجنسی کے دفتر کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے حوزہ اور علماء کی صحیح تصویر عوام تک پہنچانے، اخلاق و معنویت کے فروغ اور عوام و حوزہ کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبہ گلستان کا دفتر علماء، دانشوروں اور حوزوی اداروں کی علمی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کی علمی و دینی سرگرمیوں، خدمات اور کامیابیوں کو مستند انداز میں اجاگر کرے گا، نیز نئے علمی اور فکری اقدامات کی حوصلہ افزائی کا مرکز بھی بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حوزات کی تقویت انتظامیہ کی اہم پالیسی ہے اور مختلف صوبوں میں حوزہ نیوز ایجنسی کی سرگرمیوں کا فروغ اس مقصد کے حصول میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے میڈیا کے میدان میں خدمات انجام دینے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہا۔

آیت اللہ اعرافی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حوزہ نیوز ایجنسی صرف واقعات کی رپورٹنگ تک محدود نہ رہے بلکہ علمی و تحقیقی صحافت، صوبوں کی زبانی تاریخ کے تحفظ، ملکی و بین الاقوامی میڈیا سے روابط، حوزہ علمیہ خواہران اور دانشور خواتین پر خصوصی توجہ، بین الاقوامی نقطۂ نظر اور جدید میڈیا مصنوعات کی تیاری کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha