جمعہ 27 نومبر 2026 - 13:45
حضرت ام البنینؑ کی سیرت وفا، ایثار، صبر اور مثالی تربیت کا روشن نمونہ ہے، آغا سید حسن الموسوی الصفوی

حوزہ/ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت کو وفاداری، ایثار، صبر اور مثالی مادری تربیت کا عظیم نمونہ قرار دیتے ہوئے خواتین پر زور دیا کہ وہ آپ کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں اپنائیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں خطبۂ جمعہ کے دوران حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت مبارکہ اور ان کے کردار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ کو وفاداری، ایثار، صبر، اخلاص اور مثالی مادری تربیت کا عظیم نمونہ قرار دیا۔

آغا صاحب نے کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا محض حضرت عباس علیہ السلام کی والدہ نہیں، بلکہ وفا، کردار، خود ایثاری اور اہل بیت علیہم السلام سے غیر معمولی وابستگی کا ایک عظیم مکتب ہیں۔ آپ کی حیات مبارکہ خواتین کے لیے ازدواجی زندگی، خاندانی تعلقات، مادری ذمہ داریوں اور دینی شعور کے حوالے سے مشعل راہ ہے۔

امام حسن علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کے ساتھ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے طرز عمل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ کی زندگی محبت، احترام، انکساری اور بے لوث خدمت سے عبارت تھی، جو اس بات کی تعلیم دیتی ہے کہ خاندانی رشتوں کی بنیاد رقابت اور حسد کے بجائے محبت، باہمی احترام اور ایثار پر استوار ہونی چاہیے۔

آغا سید حسن نے اس بات پر زور دیا کہ ماؤں کی بنیادی ذمہ داری صرف اولاد کو پیشہ ورانہ میدان میں کامیاب بنانا نہیں، بلکہ ان کی ایسی تربیت کرنا ہے کہ وہ مضبوط اخلاقی کردار، دینی شعور، عاجزی، شرافت، حق و صداقت اور عدل کے اصولوں سے وابستہ انسان بنیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کی تربیت میں اسلامی اقدار، نماز، نظم و ضبط، بزرگوں کے احترام اور اخلاقی طرز زندگی کو ترجیح دی جائے، جبکہ مادہ پرستی، فیشن اور ڈیجیٹل مصروفیات میں حد سے زیادہ مشغولیت سے گریز کیا جائے۔

واقعۂ کربلا کے بعد حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے کردار اور امام حسین علیہ السلام سے ان کی بے مثال عقیدت کا ذکر کرتے ہوئے آغا صاحب نے کہا کہ اپنے چار فرزندوں کی شہادت کی خبر ملنے پر امام حسین علیہ السلام کے بارے میں دریافت کرنا آپ کی غیر معمولی وفاداری اور مقصد حق سے وابستگی کی عظیم مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے جنت البقیع میں اپنے مرثیوں اور نوحوں کے ذریعے ذاتی غم کو پیغام کربلا کی ترویج کا وسیلہ بنایا اور امام حسین علیہ السلام کی یاد، آپ کی قربانی اور اہل بیت علیہم السلام پر ڈھائے گئے مظالم کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

خطبے کے اختتام پر آغا سید حسن نے خواتین پر زور دیا کہ وہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت سے درس حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں وفاداری، ایثار، صبر، حکمت اور بامقصد استقامت کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کا آغاز خاندان سے ہوتا ہے اور ایمان، دیانت، اخلاقی استحکام اور جرأت کردار سے آراستہ نسل کی تربیت ایک صالح، بااصول اور دینی شعور رکھنے والے معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha