حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں، علی پور میں 27 نومبر 2026ء کو خطبہ جمعہ اور نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد زکاء الحسن، پرنسپل جامعہ علمیہ امام حسن عسکری گھلواں علی پور کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر انہوں نے خطبہ اول میں تقویٰ الٰہی کی اہمیت، قرآن کریم کی آیتِ مبارکہ «لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ» کی تفسیر اور انفاق فی سبیل اللہ کے فضائل بیان کیے، جبکہ دوسرے خطبے میں رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک اہم حدیث کی روشنی میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت، عظمت اور مقام و منزلت پر تفصیلی گفتگو کی۔
انفاقِ محبوب، حقیقی نیکی اور تقویٰ الٰہی کا تقاضا ہے
مولانا محمد زکاء الحسن نے خطبہ اول میں تقویٰ الٰہی کی تاکید کرتے ہوئے سورۂ آل عمران کی آیت نمبر 92 کی روشنی میں حقیقی نیکی اور انفاق کے قرآنی تصور کی وضاحت کی۔
انہوں نے آیتِ مبارکہ «لَنْ تَنَالُوا الْبِرَّ حَتّٰى تُنْفِقُوا مِمَّا تُحِبُّونَ» کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ انسان اس وقت تک حقیقی نیکی اور اس کے اعلیٰ مراتب حاصل نہیں کرسکتا جب تک اپنی محبوب اور پسندیدہ چیزوں میں سے اللہ کی راہ میں خرچ نہ کرے۔
انہوں نے لفظِ «بِرّ» اور «مِمَّا تُحِبُّونَ» کی تشریح کرتے ہوئے مختلف مفسرین کے اقوال کی روشنی میں بتایا کہ قرآن کریم میں نیکی کا تصور محض زبانی دعوے یا ظاہری اعمال تک محدود نہیں، بلکہ اس میں اخلاص، ایثار، قربانی، سخاوت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنی پسندیدہ چیزوں کو قربان کرنا بھی شامل ہے۔
خطیب جمعہ نے تاریخی واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے ان عظیم شخصیات کا ذکر کیا جنہوں نے اپنی محبوب اور قیمتی چیزیں اللہ تعالیٰ کی راہ میں پیش کرکے انفاق کی عملی مثالیں قائم کیں۔
انہوں نے انفاق کے حوالے سے اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کو خصوصی طور پر اجاگر کرتے ہوئے اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں کسی عمل کی قدر و منزلت کا تعلق صرف اس کی ظاہری مقدار سے نہیں بلکہ اس کے پیچھے موجود اخلاص، جذبۂ ایثار اور رضائے الٰہی کی نیت سے ہے۔

اللہ تعالیٰ نیکی کا اجر کم از کم دس گنا عطا فرماتا ہے
مولانا محمد زکاء الحسن نے انفاق کرنے والوں کے لیے قرآن کریم میں بیان کردہ اجر و ثواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اللہ تعالیٰ نے نیکی کرنے والوں کے ساتھ اجر کو کئی گنا بڑھانے کا وعدہ فرمایا ہے۔
انہوں نے سورۂ انعام کی آیت 160 کا حوالہ دیتے ہوئے آیتِ مبارکہ «مَنْ جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَهُ عَشْرُ أَمْثَالِهَا» کی وضاحت کی، جس کے مطابق ایک نیکی کا بدلہ کم از کم دس گنا عطا کیا جاتا ہے۔
خطیب جمعہ نے کہا: سورۂ بقرہ کی آیت 261 میں اللہ تعالیٰ نے اپنی راہ میں مال خرچ کرنے والوں کی مثال ایک ایسے دانے سے دی ہے جس سے سات بالیاں اگتی ہیں اور ہر بالی میں سو دانے ہوتے ہیں۔ یوں ایک دانے سے سات سو دانوں کی مثال بیان کی گئی ہے۔ اس کے بعد ارشاد فرمایا: «وَاللّٰهُ يُضَاعِفُ لِمَنْ يَشَاءُ» یعنی اللہ تعالیٰ جس کے لیے چاہتا ہے، اس اجر کو مزید کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔
انہوں نے ان آیات کی روشنی میں واضح کیا کہ انفاق فی سبیل اللہ محض مالی تعاون نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا، آخرت کی کامیابی اور انسانی معاشرے میں ہمدردی و ایثار کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
محبتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا بروزِ قیامت رسول اکرم (ص) کی شفاعت و رفاقت کا ذریعہ ہے
خطبہ جمعہ کے دوسرے حصے میں مولانا محمد زکاء الحسن نے رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے منقول حدیث مبارکہ کی شرح بیان کی، جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی دختر گرامی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت کی عظمت اور اس کے اخروی اثرات کو واضح فرمایا ہے۔
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: «يَا سَلْمَانُ، مَنْ أَحَبَّ فَاطِمَةَ ابْنَتِي فَهُوَ فِي الْجَنَّةِ مَعِي، وَمَنْ أَبْغَضَهَا فَهُوَ فِي النَّارِ» یعنی اے سلمان! جو شخص میری بیٹی فاطمہ سے محبت رکھتا ہے، وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا اور جو ان سے بغض رکھتا ہے، وہ جہنم میں ہوگا۔
خطیب جمعہ نے اس حدیث کی وضاحت کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت کوئی معمولی جذباتی وابستگی نہیں بلکہ یہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت، اہل بیت علیہم السلام سے وفاداری اور ان کے الٰہی مکتب سے وابستگی کا مظہر ہے۔ اس محبت کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی عملی زندگی، کردار، اخلاق اور طرزِ عمل میں بھی سیرتِ زہرا سلام اللہ علیہا کو نمونۂ عمل قرار دے۔
محبتِ فاطمہ (س) سو مقامات پر نفع بخش ہے
انہوں نے حدیث کے اگلے حصے کی تشریح کرتے ہوئے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان نقل کیا: «يَا سَلْمَانُ، حُبُّ فَاطِمَةَ يَنْفَعُ فِي مِائَةِ مَوْطِنٍ، أَيْسَرُ تِلْكَ الْمَوَاطِنِ الْمَوْتُ وَالْقَبْرُ وَالْمِيزَانُ وَالْمَحْشَرُ وَالصِّرَاطُ وَالْمُحَاسَبَةُ» یعنی اے سلمان! فاطمہ کی محبت سو مقامات پر نفع پہنچائے گی، جن میں سب سے آسان مقام موت، قبر، میزانِ اعمال، محشر، پل صراط اور حساب و کتاب ہیں۔

مولانا محمد زکاء الحسن نے کہا: اس حدیث میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی محبت کے ان عظیم آثار کی نشاندہی کی گئی ہے جو انسان کو آخرت کے مختلف مراحل میں فائدہ پہنچائیں گے۔ موت، عالمِ قبر، روزِ محشر، میزانِ اعمال اور حساب و کتاب جیسے مراحل میں اہل بیت علیہم السلام کی محبت ایک عظیم معنوی سرمایہ ہے۔
حضرت فاطمہؑ کی رضا، رسولؐ اور اللہ تعالیٰ کی رضا ہے
انہوں نے حدیث کے اس حصے کو بھی بیان کیا جس میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
«فَمَنْ رَضِيَتْ عَنْهُ ابْنَتِي فَاطِمَةُ رَضِيتُ عَنْهُ، وَمَنْ رَضِيتُ عَنْهُ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، وَمَنْ غَضِبَتْ عَلَيْهِ فَاطِمَةُ غَضِبْتُ عَلَيْهِ، وَمَنْ غَضِبْتُ عَلَيْهِ غَضِبَ اللَّهُ عَلَيْهِ» یعنی جس شخص سے میری بیٹی فاطمہ راضی ہوں، میں بھی اس سے راضی ہوں، اور جس سے میں راضی ہوں، اللہ تعالیٰ بھی اس سے راضی ہوتا ہے جبکہ جس پر فاطمہ غضب ناک ہوں، میں بھی اس پر غضب ناک ہوں اور جس پر میں غضب ناک ہوں، اللہ تعالیٰ بھی اس پر غضب ناک ہوتا ہے۔
انہوں نے اس فرمانِ نبوی کی روشنی میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و مرتبے کو بیان کرتے ہوئے کہا: آپؑ کی رضا اور ناراضی کو رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا اور ناراضی سے مربوط قرار دیا گیا ہے جو آپؑ کی عظمت، طہارت اور بارگاہِ الٰہی میں بلند مقام کی روشن دلیل ہے۔
حضرت فاطمہؑ، ان کی ذریت اور شیعوں پر ظلم سے متعلق سخت وعید
مولانا محمد زکاء الحسن نے حدیث کے آخری حصے میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس فرمان کی طرف بھی توجہ دلائی: «يَا سَلْمَانُ، وَيْلٌ لِمَنْ يَظْلِمُهَا وَيَظْلِمُ ذُرِّيَّتَهَا وَشِيعَتَهَا» یعنی اے سلمان! اس شخص کے لیے ہلاکت ہے جو فاطمہ پر ظلم کرے، ان کی اولاد پر ظلم کرے اور ان کے شیعوں پر ظلم کرے۔
انہوں نے کہا: اس فرمان میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، ان کی ذریت اور ان کے پیروکاروں پر ظلم کرنے والوں کے لیے سخت وعید بیان ہوئی ہے۔ لہٰذا محبتِ اہل بیت علیہم السلام کا تقاضا ہے کہ ان کے حقوق کا احترام کیا جائے، ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے اور ان کے مکتب سے وابستہ افراد کے ساتھ عدل و انصاف کا برتاؤ کیا جائے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا جنت میں داخل ہونے والی پہلی شخصیت ہیں
خطبے کے اختتام پر مولانا محمد زکاء الحسن نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظمت و فضیلت بیان کرتے ہوئے اس روایت کا بھی ذکر کیا جس کے مطابق حضرت فاطمہ بنت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جنت میں سب سے پہلے داخل ہونے والی شخصیت ہوں گی۔ انہوں نے سامعین کو متوجہ کیا کہ سیدہ کونین سلام اللہ علیہا کی زندگی، عبادت، تقویٰ، عفت، سخاوت، صبر اور ایثار ہر دور کے مسلمانوں خصوصاً محبانِ اہل بیت علیہم السلام کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہے۔










آپ کا تبصرہ