حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ مرکزی جامع مسجد سکردو کے نائب امام جمعہ والجماعت حجۃ الاسلام آغا سید باقر الحسینی نے خطبۂ جمعہ میں توحید، قرآن کریم اور اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے معرفت حاصل کرنے، اصلاحِ نفس، محاسبۂ اعمال اور معاشرتی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو سابقہ قوموں کے انجام اور دنیا کے حالات سے عبرت حاصل کرکے اپنی عملی زندگی کو بہتر بنانا چاہیے۔ انہوں نے مسلمانوں کے مسائل سے بے اعتنائی، سوشل میڈیا پر کردارکشی اور مومنین کی عزت و آبرو کو نقصان پہنچانے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا۔
آغا سید باقر الحسینی نے قرآن کریم کی سورۂ فاطر کی آیت 43 کی روشنی میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو سابقہ قوموں کے انجام سے عبرت حاصل کرنے کی دعوت دی ہے۔ تاریخ میں ایسے افراد اور قومیں گزر چکی ہیں جو طاقت، اقتدار اور وسائل کے اعتبار سے بہت مضبوط تھیں، لیکن اپنے اعمال کے نتیجے میں زوال اور ذلت کا شکار ہوئیں۔ قرآن کریم انسان کو متوجہ کرتا ہے کہ وہ ان واقعات سے سبق حاصل کرے اور اللہ تعالیٰ کی قدرتِ کاملہ پر یقین رکھتے ہوئے اپنی اصلاح کی طرف متوجہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ انسان دوسروں کے کردار اور اعمال پر تنقید تو کرتا ہے، لیکن اسے اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیے کہ جن برائیوں کی دوسروں میں مذمت کرتا ہے، کہیں خود بھی ان میں مبتلا تو نہیں۔ اسی طرح جن اچھائیوں کی تعریف کرتا ہے، کیا انہیں اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی کوشش بھی کرتا ہے؟ انسان کو جائزہ لینا چاہیے کہ اس کے اعمال سے معاشرے کو فائدہ پہنچ رہا ہے یا نقصان۔
خطیبِ جمعہ نے امیرالمؤمنین حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے تقوائے الٰہی، نظمِ امور اور اصلاحِ باہمی کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا مقامِ عبرت ہے، مقامِ بقا نہیں؛ ہر انسان نے ایک دن اس دنیا سے رخصت ہونا ہے، اس لیے زندگی کے باقی ماندہ وقت کو غفلت کے بجائے نیک اعمال، تقویٰ اور اصلاحِ نفس میں صرف کرنا چاہیے۔
انہوں نے امام زین العابدین حضرت امام سجادؑ کی تعلیمات کی روشنی میں روزانہ محاسبۂ نفس، حلال و حرام رزق کے جائزے اور آخرت کی تیاری پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو ہر روز اپنے گزرے ہوئے وقت کا حساب لینا چاہیے کہ اس نے کون سے نیک اعمال انجام دیے، کسی کی مدد کی یا کسی کو تکلیف پہنچائی، اپنی آمدنی کن ذرائع سے حاصل کی اور اسے کہاں خرچ کیا۔ دنیاوی مال و دولت کے نقصان پر انسان فوری طور پر پریشان ہوجاتا ہے، لیکن عمر کا ایک دن گزر جانے پر اسے احساس نہیں ہوتا، حالانکہ گزرے ہوئے وقت کو واپس نہیں لایا جاسکتا۔

آغا باقر الحسینی نے کہا کہ انسان کو اپنی آخرت کے بارے میں بے فکری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ سود، رشوت، دھوکہ دہی، حرام کمائی اور دوسروں کے حقوق کی پامالی جیسے اعمال انسان کی آخرت کے لیے سنگین خطرات ہیں۔ حلال مال کے حصول کے ساتھ اس کے درست مصرف کے بارے میں بھی جواب دہی ہوگی، جبکہ حرام کمائی کا معاملہ مزید سنگین ہے۔
انہوں نے معاشرے میں علماء کی دینی، علمی اور تبلیغی خدمات کو سراہتے ہوئے نائب امام جمعہ مرکزی جامع مسجد سکردو علامہ شیخ محمد جواد حافظی کی اموات اور آخرت کے موضوع پر مسلسل خطبات کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کی نصیحتوں کا مقصد انسانوں کی عملی زندگی میں تبدیلی اور اصلاح پیدا کرنا ہے، لیکن افسوس کہ بعض افراد نصیحتوں کے باوجود اپنی زندگی میں تبدیلی نہیں لاتے۔ انسان کو اس وقت ہوش آنا چاہیے جب اصلاح اور عمل کا موقع باقی ہو، نہ کہ اس وقت جب وقت ہاتھ سے نکل چکا ہو۔

آغا سید باقر الحسینی نے سوشل میڈیا پر مومنین کی عزت و آبرو کو نقصان پہنچانے، تہمتیں لگانے اور علماء کے خلاف کردارکشی کے رجحان پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی مومن کی حق تلفی اس وقت تک معاف نہیں ہوسکتی جب تک متعلقہ شخص خود معاف نہ کرے۔ علماء نے مختلف مواقع پر قوم کے حقوق کے تحفظ، دینی و علمی رہنمائی اور عوامی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کیا ہے، اس لیے ان کی توہین اور بے بنیاد الزامات سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو دنیا کے حالات اور سابقہ قوموں کے انجام سے عبرت حاصل کرتے ہوئے دوسروں کی عزت و آبرو کا خیال رکھنا چاہیے۔ کسی بھی شخص کے خلاف الزامات عائد کرنے یا انہیں سوشل میڈیا پر پھیلانے سے پہلے ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ ضروری ہے۔
خطبے کے دوسرے حصے میں آغا باقر الحسینی نے رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس تعلیم کا حوالہ دیا کہ مسلمان کو مسلمانوں کے مسائل اور مشکلات سے بے خبر یا بے فکر نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے حالات سے باخبر رہنے کے ساتھ ان کے حل کے لیے احساسِ ذمہ داری اور عملی کوشش بھی ضروری ہے۔

انہوں نے گلگت بلتستان میں امن و امان کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ اجلاس اور حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ تاہم قانون سازی اور اس پر عمل درآمد غیر جانب دارانہ ہونا چاہیے۔ کسی بھی مجرم کا تعلق زبان، علاقے، قوم، طبقے یا مکتبِ فکر سے ہو، قانون کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے اور کسی طبقے کو امتیازی طور پر نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
آغا سید باقر الحسینی نے عالمی حالات اور اسلامی جمہوریہ ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بلتستان کے عوام کے جذبۂ ہمدردی، اخوت اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے ایران کے عوام کے لیے بلتستان میں پائے جانے والے محبت اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو قابلِ قدر قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اسلامی معاشروں میں باہمی تعاون اور یکجہتی کا یہ جذبہ مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کے حالیہ دورۂ سکردو اور گلگت سکردو روڈ پر ٹنل کی منظوری کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے پر جلد عملی کام شروع کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی اس شاہراہ پر پانچ ٹنلز کی تعمیر کے اعلانات کیے گئے تھے، لیکن وہ عملی شکل اختیار نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت سکردو شاہراہ کے بعض مقامات انتہائی خطرناک ہیں اور ٹنلز کی عدم تعمیر کے باعث متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ اس لیے شاہراہ کو محفوظ بنانا محض ترقیاتی ضرورت نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کا اہم تقاضا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خطرناک مقامات کا جائزہ لے کر وہاں ٹنلز، متبادل راستوں اور دیگر مؤثر حفاظتی اقدامات کی تعمیر کو ترجیح دی جائے۔
آغا باقر الحسینی نے گلگت بلتستان میں بجلی کے بحران اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غواڑی پاور پروجیکٹ کے بارے میں 2019ء میں 2022ء تک بجلی کی فراہمی کی توقع ظاہر کی گئی تھی، لیکن منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔ اسی طرح سکردو میں تین میگاواٹ کا بجلی منصوبہ آٹھ سال گزرنے کے باوجود مکمل نہیں ہوا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کی جائے، متعلقہ ٹھیکے داروں سے جواب طلب کیا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو محض اعلانات کے بجائے بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی درکار ہے۔
انہوں نے سولر منصوبوں کے ساتھ آبی اور پن بجلی کے منصوبوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی آبی وسائل سے فائدہ اٹھا کر سستی اور وافر بجلی فراہم کی جاسکتی ہے۔ ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جو کم زمین استعمال کرتے ہوئے عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کرسکیں۔

آغا سید باقر الحسینی نے شطونگ نالے سے پانی لانے اور سدپارہ ڈیم کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے ناقص انتظام اور نامناسب حکمتِ عملی کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے پھیالونگ واٹر ڈائیورژن پروجیکٹ کی تکمیل میں عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کی مدد سے شفاف انداز میں مکمل کیا گیا اور اس کے اخراجات کا مکمل حساب موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال برف باری معمول سے بہت کم ہوئی، جس کے باوجود واٹر پروجیکٹ نے گزشتہ دو برسوں میں اپنا اثر دکھایا ہے۔ تاہم سدپارہ ڈیم کے ناقص انتظام و انصرام کے باعث عوام اب بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈیم کے انتظامی مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔
خطیبِ جمعہ نے لینڈ ریفارمز قانون کے حوالے سے انجمنِ امامیہ کے تحفظات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انجمن نے تین ماہ تک قانون کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات اور تجاویز متعلقہ حکام کو پیش کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انجمنِ امامیہ لینڈ ریفارمز کی مخالف نہیں، تاہم قانون کے بعض پہلوؤں پر تحفظات موجود ہیں، جنہیں عمل درآمد سے پہلے دور کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ قانون پر عمل درآمد سے قبل انجمنِ امامیہ کی تجاویز کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور عوام کے حقوق، مفادات اور مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں۔
آغا باقر الحسینی نے روندو کے علاقے تلوبروڑق کی سڑک کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے مطابق اس سڑک کی تعمیر و مرمت کے لیے تقریباً 13 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، لیکن اس کے باوجود سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا کہ منصوبے کے فنڈز کے استعمال کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور متعلقہ ٹھیکے دار سے جواب طلب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فنڈز کے استعمال میں شفافیت ضروری ہے اور اگر کسی قسم کی بدعنوانی یا غفلت ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے روندو کے منتخب نمائندے راجہ ناصر کی عوامی اور ترقیاتی خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کھرمنگ میں تقریباً ستر سال سے جاری زمینی تنازع کے پُرامن حل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ انجمنِ امامیہ مرکز، محکمۂ شرعیہ سکردو، محکمۂ شرعیہ کھرمنگ کے علماء، مقامی عمائدین اور عوامی تعاون سے اُلڈینگ، گنوخ اور مورول کے درمیان دیرینہ تنازع باہمی مشاورت اور مصالحت کے ذریعے حل ہوگیا ہے۔

آغا سید باقر الحسینی نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق مصالحتی معاہدے کی پاسداری کریں گے اور اس پیش رفت سے علاقے میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے دیگر تنازعات کو بھی باہمی گفت و شنید، افہام و تفہیم اور معتبر مصالحتی اداروں کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، تاکہ عوام طویل عدالتی کارروائیوں اور مقدمات کی مشکلات سے محفوظ رہ سکیں۔
خطبۂ جمعہ کے اختتام پر انہوں نے عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، امن و امان کے قیام، معاشرتی اصلاح اور اتحاد و اخوت کے فروغ پر زور دیا۔
ترتیب و تہذیب: آغا زمانی










آپ کا تبصرہ