حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملبورن، آسٹریلیا میں خطبۂ جمعہ دیتے ہوئے صدرِ شیعہ علماء کونسل آسٹریلیا اور امامِ جمعہ ملبورن، حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے تعلیم، تربیت اور بچوں کی پرورش کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوکری کے لئے تعلیم کی ضرورت ہے، لیکن تعلیم کو نوکری کی ضرورت نہیں۔ ہم صرف نوکر تیار کر رہے ہیں، حالانکہ ہمیں انسان اور مسلمان تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
مولانا سید ابوالقاسم رضوی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ارشاد «حُبِّبَ إِلَيَّ مِنْ دُنْيَاكُمْ ثَلَاثٌ» کا حوالہ دیتے ہوئے تلاوتِ قرآن، رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چہرۂ مبارک کی زیارت اور راہِ خدا میں انفاق و خیرات کو مؤمنین کے لئے پسندیدہ اعمال قرار دیا۔
انہوں نے والدین کو بچوں کی تربیت اور ان کے ساتھ وقت گزارنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو وقت دیجئے، اس سے پہلے کہ وقت انہیں آپ سے دور کردے؛ محبت دیجئے، اس سے پہلے کہ وہ محبت کہیں اور تلاش کریں؛ اور تربیت کیجئے، اس سے پہلے کہ حالات آپ سے تربیت کا موقع چھین لیں۔
خطیبِ جمعہ نے مزید کہا کہ بچوں کو صرف کھانا، لباس اور اچھی تعلیم فراہم کرنا کافی نہیں، بلکہ انہیں والدین کی توجہ، محبت اور موجودگی کی بھی ضرورت ہے۔ والدین کو چاہیے کہ بچوں کے ساتھ بیٹھیں، ان کی باتیں سنیں، ان کے احساسات کو سمجھیں، سوالات کے جواب دیں اور انہیں محبت و اعتماد کا احساس دلائیں۔
انہوں نے اولاد سے محبت اور ان کی عزت و تکریم کے حوالے سے روایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بچوں سے محبت، ان کے ساتھ کھانا کھانا اور ان کی عزت و تکریم کرنا انسان کے لئے نجات کا ذریعہ ہے۔ بچوں کی تربیت صرف تعلیمی کامیابی یا روزگار تک محدود نہیں، بلکہ انہیں اچھا انسان، باکردار مسلمان اور ذمہ دار مؤمن بنانا والدین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔










آپ کا تبصرہ