حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مقام معظم رہبری امام خامنہ ای کے دفتر کے مطابق، رہبر معظم انقلاب نے فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ: ایران فلسطینی عوام کی حمایت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے خط کا متن مندرجہ ذیل ہے:
بسم الله الرّحمن الرّحیم
برادر عزیز جناب آقای اسماعیل هنیه دامت توفیقاته،
فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے دفتر کے سربراہ!
سلامٌ علیکم
جناب عالی کا خط موصول ہوا، میں نے فلسطین عزیز کے مختلف میدانوں میں حالیہ پیشرفتوں کو بغور ملاحظہ کیا ۔
حقیقت یہ ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک ، امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں کے خلاف جدوجہد اور مزاحمت کے ساتھ ، ان کی کمزوری اور ناکامی کا سبب بنی ہے اور یہ تحریک امت اسلامیہ کے وقار اور فخر کا باعث ہے۔ میں اللہ تعالٰی کا شکر گزار ہوں اور آپ جیسے بہادر مجاہدین کی قدردانی کرتا ہوں۔
دشمن کو مختلف میدانوں میں ناقابل تلافی شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، وہ اپنی توسیع پسندی اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ، پہلے معاشی دباؤ اور مظلوم غزہ کا محاصرہ کرکے اور پھر مذاکرات اور امن و صلح کے فریب کے ساتھ کوششوں میں لگا ہوا ہے.
تاہم ، مزاحمت و مقاومت اور فلسطین کی بہادر قوم نے ، عقلی تجربے اور منطق کے ساتھ ، انہیں پیچھے دھکیل دیا ہے اور ماضی کی طرح فلسطین نے اپنی مثالی مزاحمت سے عزت کا راستہ طے کیا ہے اور ان شاء اللہ اسی سیدھے راستے پر گامزن رہے گا۔
یقینی طور پر عوام کی ہوشیاری اور بصیرت ، اتحاد اور سالمیت سے فلسطینی اپنے دشمن کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے میں کارآمد ثابت ہوں گے اور نصرت الہی حاصل کریں گے۔
ماضی کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران ، فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور ان کے حقوق کی پاسداری کے ساتھ ساتھ ، قابض اور غاصب صہیونی حکومت کے مظالم کو مذہبی اور انسانی فرائض اور انقلاب اسلامی کی اقدار کی بنیاد پر روکنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔
امید ہے کہ خداوند متعال آپ کی عزت اور طاقت میں مزید اضافہ فرمائے ۔
والسّلام علیکم و رحمت الله
سید علی خامنهای
4 جولائی 2020