حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصی کے خطیب شیخ عکرمہ صبری نے 34ویں ورچوئل وحدت اسلامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں مسجد الاقصیٰ اور پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی معراج گاہ سے خطاب کرتے ہوئے میلاد النبیؐ کے موقع پر تمام مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم نے اپنے آفاقی پیغام کو پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے دنیا تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں قرآن کے ساتھ ساتھ سیرت نبویؐ کا بھی مطالعہ کرنا چاہیے۔
عکرمہ صبری نے مزید کہا کہ ہم ایسے وقت میں پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی میلاد منا رہے ہیں کہ جب مغربی دنیا میں اسلام پر حملے ہو رہے ہیں۔ مغربی ممالک میں اسلام کے خلاف زہر آلود پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے اور ان حملوں میں فرانس پیش پیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور مغربی دنیا توہین آمیز خاکے شائع کر کے پیغمبر اسلامؐ کی قدر و منزلت گھٹانا چاہتے ہیں۔ وہ اس کام کے ذریعے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مذاق اڑانا چاہتے ہیں اور یہ امر ہمارے لیے بہت تکلیف دہ ہے کیونکہ یہ آزای فکر و بیان کے خلاف ہے۔
مسجد اقصیٰ کے خطیب نے کہا کہ ہم مسلمان ان توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر مغربی ممالک کی مذمت کرتے ہیں اور اس اقدام کو مغربی معاشرے کی اخلاقی پستی قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین امن و آشتی کا دین ہے۔ ہمارا دین تمام انبیاءؑ کی نبوت کو قبول کرتا ہے اسی لیے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین کو تمام انبیاء کی توہین قرار دیتا ہے کیونکہ تمام انبیاء ایک نور ہیں اور وہ نور نبوت کا نور ہے جو خدا نے انہیں عطا کی ہے۔