حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل انڈیا شیعہ کونسل پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں نہتے، بے گناہ اورمحنت کش ١١ شیعوں کی دردناک اور مظلومانہ شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہےاور ان بزدل اور بے غیرت دہشت گردوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔
پاکستان میں کوئٹہ کے مقتولین کی حمایت کرتے ہوئے شیعہ کونسل کے قومی ترجمان مولانا جلال حیدر نقوی نے کہا کہ
پاکستان میں ہزارہ شیعہ برادری نہایت شجاع، دیندار، غیور، بہادراور پرامن کمیونٹی ہے جن پر آئے دن سامراجیت کے آلہ کار پست فطرت اور بے رحم، درندہ صفت دہشت گرد گروہ حملے کرتے رہتے ہیں،کوئٹہ، پاراچنار کے بعد اب بلوچستان کے مچھ میں بے گناہوں کا بےدردی اور بے رحمی سے قتل عام کیا گیا ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔
اس موقع پرشیعہ کونسل کے صدر مولانا جنان اصغر مولائی نے اس واقعہ کو دردناک اور قابل مذمت بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اپنے شہریوں کے تحفظ میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے اور دہشتگردوں کے خلاف کوئی بھی کارروائی نہیں کر پاتی جس کے سبب وہاں دہشتگردوں کا بول بالا ہے،اس حملے سے ہر باضمیر اور حساس انسان شدت درد سے تڑپ اٹھا ہے۔
شیعہ کونسل کے جنرل سکریٹری مولانا مرزا عمران علی نےکہا کہ حکومت پاکستان بالخصوص موجودہ سرکار جو امن فراہمی کے وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آئی تھی، یہ حملہ اس کی بدترین ناکامی ہے۔
اس موقع پر شیعہ کونسل کے سرپرست مولانا محمد رضا غروی نےحکومتِ پاکستان سے شیعوں کے خلاف ان ناپاک عناصر کے مظالم اور خوفناک جرائم کی روک تھام اور امن و انصاف کی فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بارگاہ خداوندی میں ان مظلوم شہیدوں کی بلندی درجات اور ان کے غمزدہ اہل خانہ اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل اور اجر جزیل کی دعا کرتے ہیں۔