۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
علامہ صادق جعفری

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ علامہ رضا حیدر رضوی کےخلاف کالعدم جماعت کی ایماء پر کاٹی گئی جھوٹی ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق جعفری نے کہا ہے کہ علامہ رضا حیدر رضوی کےخلاف کالعدم جماعت کی ایماء پر کاٹی گئی جھوٹی ایف آئی آر کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بتائیں کہ علامہ رضا حیدر رضوی کی وہ گفتگو جس پر مقدمہ درج کیا گیا اس میں کون سا جملہ قابل اعتراض و توہین آمیز ہے۔

مزید کہا کہ ہمارے علماء و خطباء قرآن وحدیث کے علاوہ کسی کا سہارا نہیں لیتے، علامہ رضا حیدر رضوی تنہا نہیں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کالعدم جماعتوں کو لگام دے، ایک بےبنیاد الزام کی آڑ میں علامہ رضا حیدر رضوی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کالعدم جماعت اور پولیس ڈیپارٹمنٹ میں موجود کالی بھیڑوں کے گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔

علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ جن تنظیموں کو ریاست پاکستان نے کالعدم قرار دیا انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہونا چاہیئے تھا لیکن وہ آج آزادانہ انداز میں فعال ہیں اور ملک میں انتشار کی سیاست میں مصروف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیدار و باشعور عوام ملک دشمن قوتوں کی فرقہ واریت پھیلانے کی ناپاک سازش کو پہلے کی طرح اس بار بھی ناکام بنا دیں گے، ہم وطن عزیز کو حکومت ہندوستان و عرب ممالک کی فرقہ وارانہ منافرت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملت جعفریہ کے تمام علماء و خطباء اس جھوٹے اور بے بنیاد مقدمے کی مذمت کرتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ اس جھوٹی ایف آئی آر کا فوری نوٹس لیں، کالعدم جماعت کے ساتھ ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی اس گھناؤنی سازش میں ملوث تھانہ ایس ایچ او اور پولیس افسران کو شامل تفتیش کیا جائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .