حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری علامہ افضل حیدری نے چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں مطلع صاف تھا جہاں سے متعدد شہادتیں موصول ہوئیں جب کہ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور میں واضح طور پر چاند دیکھا گیا۔
دوسری جانب رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت پشاور میں ہوا جب کہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور کراچی میں ہوئے۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو رمضان المبارک کا چاند مبارک ہو، کل پاکستان میں طویل عرصے بعد پوری قوم ایک دن روزہ رکھنے جارہی ہے اور انشااللہ عید بھی ایک ہی دن منائے گی۔
وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پہلے ہی پیشن گوئی کردی تھی کہ آج رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا اور ملک بھر میں بدھ کے روز ایک ہی دن پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے۔