۶ آذر ۱۴۰۱ |۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۴ | Nov 27, 2022
علامہ ساجد نقوی

حوزہ/ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ جنت البقیع رسول خدا، ان کی آل پاک علیہم السلام و اصحاب باوفا کے ساتھ عقیدت اور وابستگی کے اسباب فراہم کرتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 8 شوال المکرم یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر کہا ہے کہ جنت البقیع ہمیں رسول خدا، ان کی آل پاک ؑ اور اصحاب باوفا کے ساتھ عقیدت اور وابستگی کے اسباب فراہم کرتا ہے۔ لیکن گذشتہ عرصے سے جنت البقیع اور جنت المعلی غم‘ حزن اور ملال کی عملی تصویر پیش کررہے ہیں اور مسلمانوں کو اپنی جانب متوجہ کررہے ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اکثر مسلمان شعائر اللہ اور خاصان خدا سے منسوب مقامات کے احترام کے ساتھ ساتھ ان کی شایان شان تعمیر بھی درست سمجھتے ہیں تاکہ آنے والی نسلیں بھی شعائر اللہ اور خاصان خدا کی ذوات کے ساتھ اپنی وابستگی اور عقیدت کا اظہار کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاندان رسالت کی برگزیدہ شخصیات کے بے روشنی و بے سایہ مزارات طویل مدت سے امت مسلمہ کی اکثریت کے دل کی چبھن بنے ہوئے ہیں اور اسلام کے اس تاریخی ورثے اور اثاثے کی موجودہ حالت اور انیسویں اور بیسویں صدی میں دو بار اس کا انہدام ان کے لئے رنج کا باعث بنی ہوئی ہے لہذااختلاف نظر کے باوجود حکمت، دانش اور وقت کی ضرورت کا تقاضا یہ ہے کہ دختر پیغمبر گرامی‘ اہل بیت ؑ رسول اور دیگر محترم ہستیوں کے مزارات اور قبور کی از سر نو شایان شان تعمیر کی جائے تاکہ مسلم عوام کے جذبات کی تسکین ہو اور جنت البقیع کی صورت میں تہذیبی آثار اور ثقافتی ورثے کی حفاظت کو یقینی بنا کر مسلمانوں کی یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط بنایا جائے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دیتے ہوئے کہا کہ جنت البقیع چونکہ عالم اسلام کا مشترکہ سرمایہ ہے اور جنت البقیع کی تعمیر اور حرمت و تقدس کا لحاظ رکھنے کا مطالبہ ایک عرصہ سے اسلامی دنیا کی اکثریت کی طرف سے تسلسل کے ساتھ ہورہاہے اس لئے ذمہ داروں کو چاہیے کہ وہ جنت البقیع کی از سر نو تعمیر کو فوری طور پر یقینی بنائیں اور مسلمانوں کے دلوں میں موجود خلش کا مداوا کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .
2 + 3 =