۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
ڈاکٹر علی عباسی

حوزہ / سربراہ جامعۃ المصطفی العالمیہ: ہمیں علمی اور تحقیقی میدان میں قابلِ توجہ مقام حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ ہمارے قابل محققین کو وہ تعاون اور حمایت حاصل ہونی چاہیے جس کی انہیں ضرورت ہے تاکہ ایک محقق دماغی سکون کے ساتھ علمی پیداوار کے شعبے میں کام کر سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،قم/ حجۃ الاسلام والمسلمین عباسی نے مجتمع امام خمینی (رہ) میں "جامعۃ المصطفی کی تحقیقی کامیابیوں" کی عنوان سے منعقدہ نمائش کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور "ہفتۂ تحقیق" کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: ان شاء اللہ اس ہفتے پروگرام کے مطابق جامعۃ المصطفی کے تحقیقی میدان میں فعال افراد کی ایک سالہ خدمات اور کاوشوں کا بعض حصہ اس تحقیقی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔ امید ہے وزٹ کرنے والے علم دوست افراد ان تحقیقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رائے اور مشوروں سے نوازیں گے جس سے اس پروگرام کی ترقی اور مزید بہتر انداز میں منعقد کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے تحقیق کو علم و دانش کے لئے محور قرار دیتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفی جیسے بین الاقوامی سطح پر فعالیت انجام دینے والی علمی تنظیموں اور اداروں سے امید کی جاتی ہے کہ وہ علمی مواد کی تخلیق و تولید کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین‌ عباسی نے اس مقصد کے حصول کے لئے مختلف عوامل کے اجراء کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا: جامعۃ المصطفی کی طرف سے تحقیق کو فروغ دینے کا ایک اہم ترین عنصر اس کا تعلیمی پروگرام ہے۔ تحقیق کسی بھی علمی ادارے کی تعلیم کا لازمی حصہ ہونا چاہیے اور اس مقصد کے حصول کے لئے جامعۃ المصطفی میں کئی سالوں سے تعلیمی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ آج جامعۃ المصطفی کے تعلیمی نظام میں تحقیقی تحریریں، تھیسز، اور کلاسی تحقیق کو انجام دیا جاتا ہے۔

انہوں نے جامعۃ المصطفی کے ڈھانچے اور انسانی وسائل میں تحقیق کی حیثیت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: ہمیں تحقیق کے میدان میں موجود قابل انسانی سرمائے سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ کئی سالوں سے محققین کی شناخت، حمایت اور معاونت کا مسئلہ جامعۃ المصطفی کے وائس چانسلر برائے تحقیق کے بنیادی پروگراموں میں سے ایک رہا ہے اور اس ادارہ میں اس مسئلے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ جامعۃ المصطفی کے تعلیمی نظام میں تحقیق کے مقام کو فروغ دینے میں یہ دوسرا عنصر ہے۔

جامعۃ المصطفی کے سرپرست نے تحقیقی حیثیت کو فروغ دینے میں تحقیقی انفراسٹرکچر کی فراہمی کو تیسرا عنصر قرار دیا اور کہا: بین الاقوامی میدان میں کسی بھی موثر تحقیق کے لیے مناسب ذرائع اور بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہوتی ہے۔ البتہ اس شعبے میں ہمیں بہت سے نواقص کا بھی سامنا ہے اور ہمیں اس صورتحال کو بدلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

حجۃ الاسلام و المسلمین عباسی نے حالیہ برسوں میں تمام تر مشکلات اور سختیوں کے باوجود جامعۃ المصطفی کی تحقیقی میدان میں کی جانے والی بے شمار خدمات اور کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا: الحمد للہ جامعۃ المصطفی کو تحقیقی میدان میں ملنے والی کامیابیوں کے باوجود بھی ہمیں علمی اور تحقیقی میدان میں قابلِ توجہ مقام حاصل کرنے کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ ہمارے قابل محققین کو وہ تعاون اور حمایت حاصل ہونی چاہیے جس کی انہیں ضرورت ہے تاکہ ایک محقق مکمل دماغی سکون کے ساتھ علمی پیداوار کے شعبے میں کام کر سکے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .