۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مدرسہ جعفریہ کوپا گنج

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی شیخ رضا شاکری نے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کہا کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت تمام عالم کی خواتین کے لئے نمونۂ عمل ہے۔اسلام میں جو پردہ کا حکم دیا گیا ہے وہ عملی حیثیت سے جناب فاطمہ زہراؐ کا مرہون منت ہے۔اگر فاطمہ زہرا نہ ہوتیں تو حجاب کا حکم تشنۂ عمل رہ جاتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کوپاگنج،مئو(اتر پردیش) ہندوستان/ کوپاگنج ضلع مئوکی معروف دینی درسگاہ مدرسہ جعفریہ میں گزشتہ روز جامعۃ المصطفےٰ العالمیہ ایران (المصطفےٰ انتر نیشنل یونیورسٹی ،ایران)کے نمائندہ برائے ہندوستان حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی شیخ رضا شاکری دہلی سے تشریف لائے جن کا طلباء و اساتذہ نے شاندار خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر مدرسہ جعفریہ کے پرنسپل حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ شمشیر علی مختاری کی صدارت میں تقسیم انعام کا ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس میں حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی شیخ رضا شاکری نے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران فرمایا کہ جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت تمام عالم کی خواتین کے لئے نمونۂ عمل ہے۔اسلام میں جو پردہ کا حکم دیا گیا ہے وہ عملی حیثیت سے جناب فاطمہ زہراؐ کا مرہون منت ہے۔اگر فاطمہ زہرا نہ ہوتیں تو حجاب کا حکم تشنۂ عمل رہ جاتا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ شمشیر علی مختاری پرنسپل مدرسہ جعفریہ نے اپنی صدارتی تقریر میں فرمایا کہ فاطمہ زہرا کی پیاری بیٹی ،کربلا کی شیر دل خاتون جناب زینب سلام اللہ علیہا کی سربراہی میں حجابی خواتین نے حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعدنہایت خوفناک و پر آشوب دور میں کربلا والوں کا پیغام جس طرح عام کیا،اپنے وقت کی بد ترین ظالم و جابر حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسلام کو حیات و دوام بخشا وہ ہر دور کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے اور درس عبرت بھی۔ چنانچہ اگر بطلۂ کربلاجناب زینب نہ ہوتیں تو پردہ کی عظمت و اہمیت واضح نہ ہو پاتی۔کیونکہ ہر مسلمان عورت کا اسلام اس کے پردے اور حجاب کی بدولت مکمل ہوتا ہے اور بے پردہ خاتون کا اسلام و ایمان ہمیشہ ناقص ہی رہتا ہے۔پروردگار عالم نے عورت کی قدر و منزلت اور واقار برقرار رکھنے کے لئے پردہ کا حکم دیا اور اپنے شرعی تقاضے پورے کرتے ہوئے اسے عملی میدان چاہے وہ علم کا میدان ہو یا سیاست کا ،کوئی ہنر ہو یا کاروبار اپنی صلاحتیں استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔مسلمان خواتین کے لئے جناب زینبؐ بہترین آئیڈیل ہیں۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔اورمسلم معاشرہ میں حجاب کی ترغیب و تشویق کی غرض سے حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی شیخ رضا شاکری کے دست مبارک سے درجہ چھ(۶) سے درجہ بارہ(۱۲) تک کی مدرسہ جعفریہ میں پڑھنے والی کل ایک سو دس (۱۱۰) طالبات کو حجاب تقسیم کیا گیا۔

اس موقع پر مدرسہ جعفریہ کے جملہ اساتذہ ،طلباء و طالبات ،منتظمہ کمیٹی کےارکان اور کوپاگنج کے امام جمعہ و جماعت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا حسن رضا سمیت کثیر تعداد میں علماء ومومنین نے شرکت کی۔

پروگرام کے اختتام پر حجۃ الاسلام والمسلمین آقائی شیخ رضا شاکری علماء و مومنین کے ہمراہ روضہ بارگاہ زہرااور قبرستان بہشت زہرا کی بھی زیارت فرمائی اور فاتحہ خوانی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .