حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بڑا گاؤں،گھوسیضلع مئو(اتر پردیش) ہندوستان/اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ عصر حاضر میں جو برق رفتاری کے ساتھ تبدیلیاں اور ترقیاں ہو رہی ہیں وہ در اصل علم کی مرہون منت ہیں۔ اور ہر گزرتے ہوئے عہد و عصر کے ساتھ علم کی ضرورت و اہمیت و افادیت میں روز بروز اضافہ ہی ہوتا جائے گا۔اسی کے دوش بدوش ملک و ملت اور قوم و معاشرہ کی تعمیر تطہیر کا کام بھی شدت سے محسوس کیا جاتا ہے اور کیا جاتا رہے گا جن کے لئے بہترین ذریعے علمائے دین اور دینی مدارس ہیں۔بلا شبہ دینی مدرسے اسلام کے مضبوط قلعے ہیں ان کی بنا و بقا اشد ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار جامعۃ المصطفےٰ العالمیہ (المصطفےٰ انٹر نیشنل یونیورسٹی)ایران کے نمایندہ برائے ہندوستان حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ رضا شاکری نے مدرسہ حسینیہ بڑا گاؤں گھوسی ضلع مئو میں منعقد ایک جلسہ میں طلباء و اساتذہ سے خطاب کے دوران کیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا رضا شاکری (نئی وہلی) نمائندہ جامعۃ المصطفےٰ العالمیہ ایران کی گھوسی آمد پرمدرسہ حسینیہ کے طلباء و اساتذہ اور مومنین کی جانب سے زبردست پر تپاک و والہانہ خیر مقدم کیا گیا ۔
واضح رہے کہ مدرسہ حسینیہ بڑا گاؤں گھوسی بہت پرانا دینی مدرسہ ہے جس کی عمارت نہایت خستہ ہو چکی تھی جس کی تعمیر جدید کے لئے ۱۷؍نومبر ۲۰۲۱ء کو رہبر معظم آیۃاللہ خامنہ ای کے نمائندہ برائے ہندوستان حجۃالاسلام والمسلمین مولانا شیخ مہدی مہدوی پور نے ایک عظیم الشان کانفرنس اور تقریب کے دوران سنگ بنیاد رکھا تھا۔اس کے بعد سے تعمیری کام زور و شور سے جاری ہے جس کا معائنہ کرکے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا رضا شاکری نے بیحد خوشی اور اطمینان کا اظہار فرمایا۔
مولانا شاکری نے مدرسہ حسینیہ کی تعلیمی و تعمیری سرگرمیوں کا بغور جائزہ لیا اورتعمیری کام جلد پایۂ تکمیل کو پہونچے اس کے لئے دعا فرمائی۔اس موقع پر مدیر مدرسہ حسینیہ مولانا کاظم حسین مظہری،مولانا محمد حسن پرنسپل مدرسہ حسینیہ ،مولانا شجاعت علی،مولانا نسیم الحسن،مولانا علی اصغر حیدری، مولانا محمد انجم غدیری نجفی،مولانا ظہیر حیدر،مولانا قمر عباس،مولانا عون محمد قمی،مولانا محمد جاوید حسینی ،مولانا علی رضا،مولانا محمد حیدر،مولانا زین العبا نجفی،مولانا زہیر قین حیدر،مولانا ظفر حیدر قمی، سبط حسن صدر مدرسہ حسینیہ ، علی محمد صاحب نائب سیکریٹری ،جناب شمیم عباس،جناب مظہر حسین، نجم الحسن، محمد عباس،فیروز حیدر ،ماسٹر علی اصغر،ماسٹر شاہد رضا،ماسٹر جاوید ظفر،ماسٹر محمد حسنین، وغیرہ موجود رہے۔
آخر میں مولانا کاظم حسین منیجر مدرسہ حسینیہ نے حجۃ الاسلام مولانا شاکری اور جملہ شرکاء حضرات کا پر خلوص شکریہ ادا کیا۔