حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کے وکیل اور مدرسہ معصومین علیہم السلام کراچی کے مدیر حجت الاسلام شیخ ذاکر حسین مدبر نے آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔
اس ملاقات میں آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے طلاب کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ طلاب کی تربیت اور ان کی اصلاح کے لیے مدارس میں اخلاقی دروس کا وسیع تر اہتمام کیا جائے تاکہ اس سے طالب علم کی علمی ترقی کے ساتھ ساتھ اخلاقیات بھی پروان چڑھتی رہیں۔
مزید برآں آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے حصول علم کی خاطر نجف اشرف آنے والے طلباء کے متعلق فرمایا کہ ہمارے محترم طلاب عربی زبان کو جاننے اور سمجھنے کے ساتھ ساتھ لمعتین کا مرحلہ مکمل کرنے کے بعد آئیں تاکہ نجف اشرف میں ان کو حصول علم میں دشواری نہ ہو۔
دوسری جانب حجۃ الاسلام علامہ شیخ ذاکر حسین مدبر حفظہ اللہ نے آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کی خدمت میں مدرسہ معصومین علیہم السلام کے طلاب کے لئے کی جانے والی تعلیمی و تربیتی خدمات کو بیان کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی تبلیغی و فلاحی کاوشوں کو بھی بیان کیا،جنکو انہوں نے سراہتے ہوئے مزید توفیقات خیر کے اضافے کے لیے دعا فرمائی۔
آخر پر حجت الاسلام علامہ شیخ ذاکر حسین مدبر نے قیمتی وقت دینے پر آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔