۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
امین شہیدی

حوزہ/ حجۃ الاسلام علامہ امین شہیدی نے آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کی خدمت میں فرمایا کہ آپ کا وجود پوری امت مسلمہ کے لیے بالعموم اور برصغیر کے مومنین، علماء اور طلاب کےلئے بالخصوص باعث برکت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سربراہ امت واحدہ حجۃ الاسلام علامہ امین شہیدی نے آیۃ اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے حوزہ علمیہ نجف اشرف کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ حوزہ علمیہ نجف اشرف دنیا کےحوزات علمیہ کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے،اسی سے نکل کر پوری دنیا کےحوزے وجود میں آئے گویا کہ سب اسکی شاخیں ہیں۔

اس ملاقات میں جب آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے مغربی ممالک میں مقیم مومنین کے بچوں کی تربیت کے متعلق سوال کیا گیا تو آپ نے فرمایا کہ اس حوالے سے پہلا امر یہ ہے کہ بچوں میں بچپن ہی سے محبت اہلبیت علیہم السلام کو راسخ کیا جائے اور بچپن ہی سے بچوں کو اسلامی احکامات پر عمل کرنے کی عادت ڈالی جائے۔مثلا کوئی بھی چیز کھانے سے پہلے اسے بسم اللہ پڑھنے کی رغبت دلائی جائے،نماز پڑھتے وقت باپ بیٹے کو اور ماں بیٹی کو اپنے پہلو میں کھڑا کرے تاکہ وہ بھی اسی طرح نماز پڑھے، چھٹی کے دن اسلامی تعلیمات کے لیے بنائے گئے اسلامی سنٹر میں بچوں کو بھیجا جائے۔

دوسری جانب حجۃ الاسلام علامہ امین شہیدی نے آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کی خدمت میں فرمایا کہ آپ کا وجود پوری امت مسلمہ کے لیے بالعموم اور برصغیر کے مومنین، علماء اور طلاب کےلئے بالخصوص باعث برکت ہے۔

مزید برآں انہوں نے تشیع اور تبلیغ اسلام کے حوالے سے کی جانے والی اپنی کاوشوں کو بیان فرمایا ،جنکو آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی نے سراہتے ہوئے مزید توفیقات خیر کے اضافے کے لیے دعا فرمائی۔

آخر پر حجۃ الاسلام علامہ امین شہیدی نے قیمتی وقت دینے پر آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین نجفی کا تہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .

تبصرے

  • علی رضا PK 15:51 - 2024/04/07
    0 0
    نماز شب کس طرح سے پڑھیں