۱۰ فروردین ۱۴۰۳ |۱۹ رمضان ۱۴۴۵ | Mar 29, 2024
مولانا سید صفی حیدر زیدی

حوزہ/ اگر مغرب کے کسی ملک میں چند انسانوں بلکہ جانوروں پر ظلم ہو جائے تو عالمی میڈیا مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی لیکن دوسری جانب فلسطین کی سرزمین روزانہ بے گناہوں کے خون سے لال ہو رہی ہے اس پر عالمی میڈیا کا مجرمانہ سکوت جہاں حیرت انگیز ہے وہیں قابل مذمت بھی۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مولانا سید صفی حیدر زیدی سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ ہندوستان نے یوم قدس کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ یوم قدس یعنی مظلوموں کی حمایت اور ظالموں سے نفرت کا دن ہے۔

مکمل پیغام کا متن اس طرح ہے۔

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا
’’من أصبح لا يهتم بأمور المسلمين فليس منهم، ومن سمع رجلا ينادي يا للمسلمين فلم يجبه فليس بمسلم‘‘
جو ایسا ہو جائے کہ مسلمانوں کے امور سے غافل ہو تو وہ مسلمان نہیں ہے اور جو کسی فریادی کی فریاد سنے ’’اے مسلمانو!‘‘ لیکن اس کی فریاد رسی نہ کرے وہ مسلمان نہیں ہے۔
۷۴ برس سے صیہونیوں کا قبلہ اول بیت المقدس پر قبضہ اور مظلوم فلسطینیوں پرظلم و ستم اور قتل و غارت گری کسی ملک و ملت یا فرقہ و مذہب کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس کا تعلق عالم انسانیت سے عموما اور عالم اسلام سے خصوصاً ہے۔
۱۹۴۸ ؁ء سے صیہونی اس مقدس سرزمین پر قابض ہیں اور مسلسل اس کی حرمت پامال کر رہے ہیں جو انبیاء و مرسلین اور اولیاء کرام کی سرزمین ہے۔ اس بیت المقدس کی بے حرمتی ہو رہی ہے جو عالم اسلام کا قبلہ اول ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ جرم ایک بار ہوا بلکہ آئے دن ہوتا رہتا ہے۔ اب تک ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہو گئے، نہ جانے کتنے سہاگ اجڑ گئے، نہ جانے کتنی گودیاں خالی ہو گئیں۔ نہ جانے کتنے جوان کام آ گئے، ہر دن فلسطینی نہ جانے کتنی لاشیں اٹھاتے ہیں لیکن ہر جانب ایسا سناٹا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔
اگر مغرب کے کسی ملک میں چند انسانوں بلکہ جانوروں پر ظلم ہو جائے تو عالمی میڈیا مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی لیکن دوسری جانب فلسطین کی سرزمین روزانہ بے گناہوں کے خون سے لال ہو رہی ہے اس پر عالمی میڈیا کا مجرمانہ سکوت جہاں حیرت انگیز ہے وہیں قابل مذمت بھی۔
عالم اسلام کا سکوت اس سے زیادہ حیرت انگیز اور قابل افسوس ہے کہ جس نبیؐ نے مسلمان کو مسلمان کا بھائی بتایا۔ جس نے عالم اسلام کو جسد واحد ’’ایک جسم ‘‘ سے تشبیہ دی کہ اگر کسی ایک عضو کو تکلیف ہو تو پورا جسم بےچین ہو جاتا ہے آج اسی نبیؐ کے نام نہاد کلمہ گو اور اسی نبیؐ کے نام پر حکومت کرنے والے نام نہاد اسلام کے ٹھیکہ دار قبلہ اول بیت المقدس کی بے حرمتی اور مسلمانان فلسطین کے مظلومیت پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد رہبر کبیر انقلاب آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی امام خمینی قدس سرہ نے ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو یوم قدس کا نام دیا اور عالم اسلام کو حکم دیا کہ اس دن اسلامی مقدسات کی حرمت اور مسلمانوں کی حفاظت اور دنیا کے مظلوموں اور کمزوروں کے حق میں آواز بلند کریں۔
عالم اسلام کی خدمت میں گذارش ہےکہ رنگ و نسل، مذہب و فرقہ کے تعصب سے اوپر اٹھ کر پوری دنیا کےمسلمانوں کے لئے سوچیں۔ بلکہ پوری دنیا میں جہاں بھی انسانی اقدار کی پامالی ہو رہی ہو اور انسانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہو چاہے امریکہ میں گورے کالوں پر ظلم کر رہے ہوں، اسرائیلی فلسطینیوں پر ظلم کر رہے ہوں۔ بیت المقدس میں خواتین کو پیٹا جا رہا ہے ، مسجد قدس کے عبادت گذاروں کو رسیوں سے جکڑ کر ڈالا جا رہا ہے۔ قطیف میں شمشیر تکفیر سے اپنے باطل عقائد مومنین پر تھوپنے کی ناکام کوشش ہو اور نہ ماننے پر قید و شہادت ہو۔ افغانستان میں اسکولوں اور مسجدوں میں حملہ ہو یا پاکستان میں مساجد میں نمازیوں کی شہادت ہو ۔ یا دنیا میں جہاں کہیں بھی انسانوں پر ظلم ہو رہا ہو اور انہیں قتل کیا جا رہا ہو تو ظالموں کے خلاف اور مظلوموں کے حق میں آواز بلند کریں۔ یہی قرآن کی تعلیم ہے اور یہی رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا فرمان ہے۔
والسلام
سید صفی حیدر زیدی
سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنؤ ہندوستان

تبصرہ ارسال

You are replying to: .