حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی اور سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ اس دوران انہوں نے کوئٹہ میں ایم ڈبلیو ایم کی مختلف سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔
رپورٹ کے مطابق، اجلاس میں صوبائی سیکرٹری تربیت مولانا سید عباس ضلع صدر کربلائی عیوض علی ہزارہ و دیگر شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت جعفریہ کے حقوق کے حصول کے لئے سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ کوئٹہ کے باشعور عاشقان اہل بیت علیہم السلام نے ہمیشہ اپنی قومی جماعت کا ساتھ دیا اور مجلس وحدت المسلمین ہمیشہ قوم کے اعتماد پر پوری طرح سے اترتی رہی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ کے مؤمنین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے عاشقان اہل بیت علیہم السلام نے حسینیت کی راہ میں جو قربانیاں دیں ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ ملت کے تحفظ اور حقوق کے حصول کے لئے قوم کا سیاسی طور پر مستحکم ہونا ضروری ہے۔