حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی دینی مدارس کے شعبہ تحقیق کے نائب سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ابوالقاسم مقیمی حاجی نے خرم آباد میں علماء اور طلباء کے احتجاجی مظاہرے میں مرجعیت کو بدنام کرنے میں فرانسیسی اشاعت کی بے شرمی اور مضحکہ خیز کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا: آج اسلامی جمہوریہ ایران کے دشمنوں نے دنیا میں نظام اسلامی اور مزاحمتی محور کی طاقت کا اعتراف کر لیا ہے اور یہ اقتدار اور عظمت ان کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا دے گی۔
انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ عالمی استکبار نے یمن، لبنان، شام اور عراق میں داعش کو جنم دیا اور اس دہشت گرد گروہ کی حمایت کرکے مزاحمتی محور کو کمزور کرنے کی کوشش کی، مزید کہا: آج یمن سے وہی دشمن بہانہ بنا کر نکلنا چاہتا ہے جو کہ مقاومتی اور مزاحمتی محور کی طاقت اور دنیا کے آزادی پسند مسلمانوں کی عظمت کی دلیل ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مقیمی نے کہا: روسی صدر پوٹن کا رہبرِ انقلابِ اسلامی سے متاثر ہونا، رہبرِ انقلاب کی تدبیر، قوت تجزیہ، عالمی سطح پر آپ کا گہرا مطالعہ اور آپ کی شخصیت کے اثر و رسوخ کی علامت ہے۔
آخر میں انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ فرانسوی میگزین چارلی ہیبڈو نے حالیہ برسوں میں اسلامی اور مسیحی اہم شخصیات کی توہین کی ہے، کہا: عوام نے اس بزدلانہ اور گستاخانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، لہٰذا اس اشاعت کو عوام اور مرجعیت سے معافی مانگنی چاہیئے۔