۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
مفتی اعظم یمن

حوزہ/ یمن کے مفتی اعظم نے اسلامی ممالک سے کہا کہ وہ سویڈن اور ان تمام ممالک سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیں جو اسلامی مقدسات کی کھلم کھلا توہین کر رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے مفتی اعظم شمس الدین شرف الدین نے کہا کہ یمن تمام دشمنان خدا، رسول (ص) اور قرآن کریم کی بے حرمتی جیسے مذموم اقدامات کی مذمت کرتا ہے اور توہین کرنے والوں سے بیزاری کا اظہار کرتا ہے۔

اطلاع کے مطابق، یمن کے مفتی اعظم نے کہا کہ یمن کے لوگ قرآن کریم کی توہین کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے اور خدا کے دین کی نصرت میں اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سویڈن کو ایسے گھناؤنے اقدامات کو دہرانے سے روکنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں اور مسلم علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ امت اسلامیہ کی رہنمائی کریں کہ وہ مقدسات کی بے حرمتی پر خاموش نہ رہیں اور کھل کر سامنے آئیں اور اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری پوری کریں۔

یمن کے مفتی اعظم نے اسلامی ممالک سے بھی کہا کہ وہ سویڈن اور ان تمام ممالک سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیں جو اسلامی مقدسات کی کھلم کھلا توہین کرتے ہیں۔

شرف الدین نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کے رؤسا کے لئے ضروری ہے کہ اس توہین کے خلاف سخت اقدامات کریں، لہٰذا ہم دنیا کے تمام مسلمانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ قرآن پاک کے دفاع کے لیے اقدام کریں اور اس سلسلے میں انقلاب برپا کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .