۹ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۹ شوال ۱۴۴۵ | Apr 28, 2024
یمن

حوزه/ انصار اللہ کے رہنما عبدالمالک حوثی کی کال پر یمنی عوام نے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بروز جمعہ، لاکھوں یمنی عوام نے شمالی یمن کے صوبۂ صعدہ میں شہید صماد سے وفاداری، فلسطینی قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور جارح صہیونیوں کو خبردار کرنے کیلئے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔

المسیرہ نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق، جارحین کے خلاف منعقدہ اس عظیم الشان احتجاجی ریلی میں شریک افراد نے تحریک انصار اللہ یمن کے سربراہ سید عبدالمالک بدر الدین الحوثی، انصار اللہ یمن کے سابق سربراہ شہید سید حسین بدر الدین الحوثی اور یمنی صدر شہید صالح الصماد کی تصاویر اور امریکہ کی استعماری پالیسیوں اور سعودی عرب کی جارحیت کے خلاف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔

مظاہرین نے فلسطینی قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو انسانی اور مذہبی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یمن کے خلاف جتنا بھی ظلم اور جارحیت بڑھ جائے، یمنی قوم مسئلۂ فلسطین سے ہرگز دستبردار نہیں ہو گی۔

مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ ہم غاصب اسرائیلی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ غاصب صہیونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مختلف شکلیں ہیں جو فلسطینی قوم اور خطے کی اقوام کے خلاف ہیں۔

آخر میں صوبۂ صعدہ کے گورنر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر تاکید کی کہ یمنی قوم تحریک انصار اللہ کے رہنما کی قیادت میں اپنے آپ کو بیرونی ممالک کی سرپرستی سے آزاد کرنے کیلئے تحریک جاری رکھے گی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .