حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبۂ ہمدان ایران میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین حبیب اللہ شعبانی نے سالانہ قرآن و عترت اجلاس کے اختتامی تقریب میں، جوان اہل قرآن کے خداوند عالم کے نزدیک مقام و مرتبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم نماز پڑھنے اور قرآن کی تلاوت میں مصروف جوانوں کو دیکھ کر لذت حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ جوانوں کو اپنی جوانی اور زندگی کی قدردانی کرنی چاہیئے، کہا کہ انسانوں کی قدر و قیمت اس وقت بڑھ جاتی ہے جب وہ جوانی کے عالم میں قرآن مجید سے انسیت پیدا کریں۔
امام جمعہ شہر ہمدان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ قرآن مجید سے انسیت پیدا کرنے سے صرف اخروی زندگی سنور نہیں جاتی بلکہ اس کا دنیوی زندگی میں بھی بڑا کردار ہے، کہا کہ جو لوگ جوانی میں ہی معارف الہٰی سے رابطہ برقرار کرتے ہیں ان کی ذاتی زندگی میں سکون واطمینان دوسروں کی نسبت میں زیادہ پایا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زندگی صرف مال و دولت کا نام نہیں، بلکہ زندگی میں سکون پانے کیلئے اللّٰہ تعالٰی کا ذکر اور یاد ضروری ہے"أَلَا بِذِکْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ".
صوبۂ ہمدان میں نمائندہ ولی فقیہ نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ خداوند عالم کا ذکر دلوں کی تسکین کا باعث ہے، کہا کہ ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ انسانوں کے دلوں کو سکوں و اطمینان، خدا کی یاد اور ذکر سے ملتا ہے نہ کہ مال و دولت اور مقام و شہرت سے ملتا ہے۔